مغربی بنگال کی سیاست میں جمعہ کو اس وقت ایک اہم پیش رفت ہوئی جب کلکتہ ہائی کورٹ نے اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرکے عہدے پررتبرتا بنرجی کی تقرری کومنسوخ کردیا۔ عدالت نے اسمبلی اسپیکرکوہدایت دی ہے کہ وہ اس معاملے پر 10 دن کے اندر نئے سرے سے غور کریں اور وجوہات کے ساتھ تازہ حکم جاری کریں۔ عدالت نے اپوزیشن کے چیف وہپ کے عہدے پرآخرالزماں کی تقرری کوبھی کالعدم قراردے دیا ہے۔ جسٹس کرشنا راؤکی سنگل بنچ نے یہ فیصلہ ترنمول کانگریس کے سینئرلیڈراوررکن اسمبلی سوبھندیب چٹرجی کی جانب سے دائرعرضی پرسماعت کے بعد سنایا۔ عرضی میں اسمبلی اسپیکرکے اس فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا، جس کے تحت رت برت بنرجی کو مغربی بنگال اسمبلی میں قائد حزب اختلاف تسلیم کیا گیا تھا۔
کیا ہے پورا معاملہ؟
دراصل مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے بعد ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت قائم ہوئی اورممتا بنرجی کی قیادت والی ترنمول کانگریس اسمبلی میں اہم اپوزیشن جماعت بن کرسامنے آئی۔ اس کے بعد اپوزیشن لیڈرکے انتخاب سے ترنمول کانگریس کے اندراختلافات پیدا ہوگئے۔ ترنمول کانگریس کی قیادت نے سینئررکن اسمبلی سوبھندیب چٹرجی کواپوزیشن لیڈرکے عہدے کے لیے اپنا امیدوارنامزد کیا تھا۔ پارٹی کی جانب سے اس فیصلے کی اطلاع اسمبلی اسپیکرکوبھی دی گئی تھی۔ تاہم اسی دوران رتبرتا بنرجی کی قیادت میں ترنمول کانگریس کے ایک باغی گروپ نے اپوزیشن لیڈرکے عہدے پراپنا دعویٰ پیش کردیا۔ باغی گروپ نے اسپیکرکے سامنے اپنی حمایت میں اراکین اسمبلی کی تعداد کا حوالہ دیا اوررتبرتا بنرجی کواس عہدے کے لیے نامزد کرنے کی درخواست کی۔ اس کے بعد اسمبلی اسپیکررتندرا بوس نے 3 جون کورتبرتا بنرجی کوقائد حزب اختلاف تسلیم کرلیا۔ اسپیکرکے اس فیصلے کے خلاف سوبھندیب چٹرجی نے کلکتہ ہائی کورٹ سے رجوع کیا اورتقرری کوچیلنج کیا۔
سوبھندیب چٹرجی کی جانب سے عدالت میں دلیل دی گئی کہ جب ترنمول کانگریس نے انہیں اپوزیشن لیڈرکے عہدے کے لیے اپنا امیدوارنامزد کیا تھا تواسپیکرکوپارٹی کے فیصلے کونظراندازکرکے کسی دوسرے شخص کواس عہدے پرمقررکرنے کا اختیارنہیں تھا۔ دوسری جانب رتبرتا بنرجی کے وکیل نے دلیل دی کہ ترنمول کانگریس کے باغی گروپ کواسمبلی میں اراکین کی بڑی تعداد کی حمایت حاصل ہے اورپارٹی کے دونوں گروپوں کے درمیان اصل جماعت اورانتخابی نشان کو لے کر الیکشن کمیشن میں بھی تنازعہ زیرغورہے۔ اس لیے پارٹی کی نمائندگی اوراپوزیشن لیڈرکے انتخاب کے معاملے میں اس پہلوکوبھی دیکھا جانا چاہئے۔ عدالت میں اسپیکرکی جانب سے بھی اپنا موقف پیش کیا گیا۔ تاہم جسٹس کرشنا راؤکی بنچ نے اسپیکرکے 3 جون کے فیصلے کوقانونی طورپربرقراررکھنے کے قابل نہیں سمجھا اوراسے منسوخ کردیا۔ سپریم کورٹ نے بھی معاملے کی جلد سماعت کی ہدایت دی تھی۔ اس معاملے کی سماعت پہلے کلکتہ ہائی کورٹ کی سنگل بنچ اوربعد میں ڈویژن بنچ میں ہوئی تھی۔ اگست میں ہائی کورٹ کی ڈویژن بنچ نے عبوری انتظام کے تحت رت برت بنرجی کی تقرری کودوماہ تک برقراررکھنے کی اجازت دی تھی، تاہم یہ بھی واضح کیا تھا کہ اس تقرری کی حتمی قانونی حیثیت کا فیصلہ کیا جانا باقی ہے۔ بعد ازاں سپریم کورٹ نے بھی ہائی کورٹ کومعاملے کا جلد فیصلہ کرنے کی ہدایت دی تھی۔ ہائی کورٹ کی سنگل بنچ نے 21 نومبر2026 کوسماعت مکمل کرکے اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا، جسے جمعہ 27 نومبرکوسنایا گیا۔
اب اسپیکر کو 10 دن میں لینا ہوگا نیا فیصلہ
ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں واضح کیا ہے کہ اپوزیشن لیڈراورچیف وہپ کی تقرری کے معاملے پراسمبلی اسپیکر کوازسرنوغورکرنا ہوگا۔ انہیں 10 دن کے اندرتمام متعلقہ پہلوؤں کا جائزہ لے کروجوہات پرمبنی تازہ حکم جاری کرنا ہوگا۔ عدالت نے خود کسی دوسرے لیڈرکواپوزیشن لیڈرمقررنہیں کیا ہے بلکہ اس معاملے کا فیصلہ دوبارہ اسپیکرکے حوالے کردیا ہے۔ اس لیے اب سب کی نظریں اسپیکرکے اگلے فیصلے پرلگی ہوئی ہیں۔ اس فیصلے سے مغربی بنگال اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرکے عہدے کو لے کر جاری تنازع نے ایک نیا رخ اختیارکرلیا ہے۔ تاہم عدالت کے تفصیلی فیصلے کے سامنے آنے کے بعد ہی اس کے تمام قانونی پہلوؤں کی مزید وضاحت ہوسکے گی۔
بھارت ایکسپریس اردو-
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



