نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کو ہندوستان کے سرحدی گاؤں میں رہنے والے لوگوں کی گہری حب الوطنی اور عزم و حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا جذبہ ملک کے قومی مزاج کی حقیقی عکاسی کرتا ہے۔ ’وکست وائبرنٹ ولیج پروگرام 2026‘ کے شرکا سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ سرحدی برادریاں بنیادی سہولیات سے پہلے قومی سلامتی اور اتحاد کو ترجیح دیتی ہیں۔ وزیراعظم مودی نے کہا ’’ہمارے سرحدی گاؤں میں ترقی کی خواہش اور حب الوطنی کا ایک منفرد امتزاج نظر آتا ہے۔ کبھی کبھی ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہاں کے باشندوں کے لیے ملک خود سے بھی زیادہ اہم ہے۔ ملک سب سے پہلے، سہولیات بعد میں۔ سرحدی گاؤں سے یہی ایک منفرد تاثر ملتا ہے۔‘‘
سرحدی گاؤں کو ملک کے ’پہلے گاؤں‘ کا درجہ دینے کا وژن
وزیراعظم کے دفتر (پی ایم او) کے مطابق، ’وِکست وائبرنٹ ولیج پروگرام‘ کو ’مائی بھارت‘ ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے نافذ کیا جا رہا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد وزیر اعظم کے اس وژن کو عملی شکل دینا ہے، جس کے تحت ہندوستان کے سرحدی گاؤں کو ملک کے ’پہلے گاؤں‘ کے طور پر دیکھا جائے اور انہیں ’وِکست بھارت‘ کے سفر میں فعال شراکت دار بنایا جائے۔ یہ پروگرام 4 جون سے 30 جون تک دو مرحلوں میں منعقد کیا گیا، جس کے تحت لداخ، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ کے 74 وائبرنٹ گاؤں کا احاطہ کیا گیا۔ ملک کی تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی نمائندگی کرنے والے 400 سے زائد نوجوانوں کا انتخاب ملک گیر آن لائن کوئز مقابلے کے ذریعے کیا گیا، جس میں تین لاکھ سے زیادہ نوجوانوں نے حصہ لیا تھا۔
مقامی زندگی اور ثقافت کو قریب سے سمجھا
پروگرام کے تحت شرکا نے مقامی برادریوں کے ساتھ رہ کر صفائی مہم، سرکاری اسکیموں کے بارے میں بیداری مہم، یوا سمیلن، ثقافتی تبادلے کے پروگرام، شجرکاری مہم اور ’منی ماڈل پنچایت‘ کی مشق جیسی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ انہوں نے مقامی کاریگروں سے ملاقات کی اور تزویراتی اہمیت کے حامل اداروں کا دورہ بھی کیا۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ پروگرام کا مقصد ملک کے مختلف اضلاع کے نوجوانوں کو ہماچل پردیش، اتراکھنڈ اور لداخ کے دور دراز گاؤں کا دورہ کراکے وہاں کے لوگوں کی روزمرہ زندگی، کھانے پینے کی عادات، پیشوں، ثقافت اور قومی سلامتی کے بارے میں بیداری کو قریب سے سمجھنے کا موقع دینا تھا۔ انہوں نے پروگرام کے منتخب شرکا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں نے دور دراز گاؤں میں ایک ہفتہ گزار کر مقامی برادریوں کے ساتھ گھلنے ملنے اور ان کے ساتھ مضبوط رشتے قائم کرنے کی کوشش کی۔
’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘ کی بہترین مثال
وزیراعظم نے کہا ’’تقریباً تین لاکھ نوجوانوں نے اس اقدام میں حصہ لیا اور 400 سے زائد کا انتخاب کیا گیا۔ آپ سب نے ان دور دراز گاؤں میں ایک ہفتہ گزارا، جو اس سے پہلے آپ کے لیے اجنبی تھے۔ آپ نے وہاں کی زندگی کا تجربہ حاصل کرنے، مقامی برادری کے ساتھ گھلنے ملنے اور اپنی ثقافت کو ان کی ثقافت سے جوڑنے کی کوشش کی۔ ’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘ کے جذبے کی اس سے بہتر مثال شاید ہی ملے۔‘‘ پی ایم او نے کہا کہ اس پروگرام نے شرکا کو ہندوستان کے سرحدی علاقوں کے سماجی و اقتصادی منظرنامے، ثقافتی ورثے اور ترقیاتی خواہشات کو براہ راست سمجھنے کا موقع فراہم کیا۔ اس کے ساتھ ہی پروگرام نے کمیونٹی کی شراکت داری، قومی اتحاد اور سرحدی گاؤں کی تزویراتی اہمیت کے بارے میں گہری سمجھ کو بھی فروغ دیا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

