Bharat Express DD Free Dish

Imran Bunty acquitted by Court: ترون قتل معاملہ میں عدالت نے پولیس کو لگائی پھٹکار، بے قصور نوجوان عمران بنٹی کو رہا کرنے کا حکم

جمعیۃ علماء ہند کی پیروی پرعدالت نے پولس محکمہ کوسخت پھٹکار لگائی ہے۔ عیدالاضحی سے قبل اہل خانہ کے لیے بڑی خوشی ملی ہے۔ والد سیفی محمد نے صدرجمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی کا شکریہ ادا کیا۔

نئی دہلی: اُتم نگرقتل معاملہ (ایف آئی آرنمبر122/26) میں دوارکا عدالت نے بے قصورنوجوان عمران عرف بنٹی ولد سیفی محمد کی فوری رہائی کا حکم دیا ہے۔ اسے محض ہم نام ہونے کی بنیاد پرگرفتارکرلیا گیا تھا۔ وہ گزشتہ تین ماہ سے بے قصوربند تھا۔ مقدمہ کی پیروی جمعیۃ علماء ہند کے صدرمولانا محمود اسعد مدنی کی ہدایت پرجمعیۃ علماء ہند کے وکیل ایڈووکیٹ عبدالغفار نے کی۔
عدالتی کارروائی کے مطابق، 5 مارچ 2026 کوزخمی مان سنگھ کے بیان پرمقدمہ درج کیا گیا تھا۔ بعد ازاں زخمی ترون کی موت کے بعد صورت حال یکسربدل گئی۔ مقتول کی والدہ کی شکایت پرمتعدد افراد کے نام سامنے آئے، جن میں ’عمران‘ کا نام بھی شامل تھا۔ اسی بنیاد پرعمران عرف بنٹی کو8 مارچ 2026 کواُتم نگرسے گرفتارکرلیا گیا۔ بعد کی تفتیش، متعدد گواہوں کے بیانات اورسی سی ٹی وی فوٹیج کے تجزیہ سے یہ بات واضح ہوگئی کہ عمران عرف بنٹی واردات میں شامل نہیں تھا۔

اصل ملزم کوئی اور، جانچ میں ہوا انکشاف

اس کے بعد پتہ چلا کہ معاملہ کسی دوسرے عمران سے متعلق ہے۔ اصل ملزم عمران ولد عمردین سے متعلق تھا۔ عدالت نے اپنے حکم میں واضح طورپرکہا کہ عمران عرف بنٹی کے خلاف کوئی بھی قابلِ اعتباریا مجرمانہ ثبوت موجود نہیں ہے، اس لیے اس کے خلاف کارروائی نہیں کی جا سکتی۔ چنانچہ عدالت نے اس کی فوری رہائی کا حکم صادرکیا۔ عدالت نے اپنے سخت ریمارکس میں یہ بھی کہا باوجود کہ عمران عرف بنٹی غلط شناخت کی بنیاد پرگرفتارکیا گیا تھا اورغیر قانونی حراست میں ہے، اس کی رہائی کے لیے بروقت اقدامات نہیں کیے گئے۔ عدالت نے اس معاملہ کوسنگین قراردیتے ہوئے حکم کی نقل جوائنٹ کمشنرآف پولیس کو بھی ارسال کرنے کی ہدایت دی تاکہ خاطی پولس محکمہ کے خلاف ضروری کارروائی کی جا سکے۔

امن وامان کی بحالی اورفرقہ وارانہ کشیدگی کے لئے سرگرم رہی ہے جمعیۃ علماء ہند

قابل ذکرہے کہ جمعیۃ علماء ہند نے ترون قتل کے بعد پیدا ہونے والے پرتشدد حالات پرجہاں نوجوان کے قتل پردکھ کا اظہارکیا تھا۔ وہیں جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمد حکیم الدین قاسمی کی سربراہی میں ایک وفد نے جوائنٹ پولیس کمشنرسے ملاقات کرکے امن وامان کی بحالی، فرقہ وارانہ کشیدگی کوروکنے اورمقامی بے قصورمسلمانوں کوہراساں نہ کئے جانے کے تعلق سے میمورنڈم بھی پیش کیا تھا۔ بعد ازاں جب عمران بنٹی کوگرفتارکیا گیا تواس کے والد کی درخواست پرایڈوکیٹ مولانا نیازاحمد فاروقی کی نگرانی میں نوجوان کوفوری قانونی امداد فراہم کی گئی۔

بھارت ایکسپریس اردو-



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read