غریب بچوں کوتعلیم سے جوڑنے اورتمام سہولیات فراہم کرنے کے لئے مدرسۃ الہدیٰ سوسائٹی کی جانب سے امسال بھی مفت کتابیں تقسیم کی گئیں۔ کتاب تقسیم کئے جانے کے موقع پرمہمان خصوصی کے طورپرمکتشیورمہادیومندرکے مہنت پردیپ پانڈے نے شرکت کی۔ انہوں نے اس موقع پرتعلیمی بیداری اوربچوں کوتعلیم سے جوڑنے پرایک اہم تقریرکی۔ اس موقع پرگنگا جمنی تہذیب کی ایک خوبصورت مثال دیکھنے کوملی، جب ہندو-مسلمان، پنڈت اورمولانا ایک ساتھ جمع ہوئے۔ تقریب کی نظامت کی ذمہ داری معروف سماجی شخصیت لڈولال جیسوال اور مدرسۃ الہدیٰ کے پرنسپل مولانا وسیم احمد نے انجام دیئے۔ اس موقع پرمہمان خصوصی پردیپ پانڈے کا سوسائٹی کے سکریٹری اسرارخان اوراظہارخان نے شال پہنا کراستقبال کیا۔ مہمان اعزازی کے طورپربھگوان پورکے پردھان محمد سلمان چودھری، سمری کے گرام پردھان محمد سلمان خان، سابق گرام پردھان عبدالرحیم خان، سابق بی ڈی سی اوربزرگ شخصیت شیرمحمد خان، صحافی محمد شفیق عرف پپو، امان اللہ خان، محمد لیث خان وغیرہ کا بھی شال پہنا کراستقبال کیا گیا۔
تعلیم سے آگاہی سماج کے لئے ضروری: پردیپ پانڈے
مہمان خصوصی پردیپ پانڈے نے انے خطاب میں کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے۔ یہ صرف پڑھنے اورلکھنے کے بارے میں نہیں ہے، یہ ایک شخص کی سوچنے اور سمجھنے کی صلاحیت کوفروغ دیتا ہے۔ تعلیم سے آگاہی کا مطلب لوگوں کوتعلیم کی اہمیت کوسمجھانا اورانہیں تعلیم یافتہ بننے کی ترغیب دینا ہے۔ آج بھی بہت سے ایسے شعبے ہیں، جہاں لوگ تعلیم کی اہمیت کوپوری طرح سے نہیں سمجھتے۔ خاص طورپردیہی اورپسماندہ علاقوں میں بچوں کی تعلیم کافی کمزورہے، لیکن مدرسۃ الہدیٰ کے ذمہ داران کی یہ پہل بالخصوص ڈاکٹر نثار احمد خان اورارشاد خان کی طرف سے جو کوششیں کی جا رہی ہیں، وہ قابل تعریف ہیں۔

مدرسۃ الہدیٰ کے زیراہتمام 25 سالوں سے مفت تعلیم کا بندوبست
لڈولال جیسوال نے اپنے خطاب میں مدرسۃ الہدیٰ کے قیام سے لے کراب تک کی تعلیمی خدمات پرتفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ مدرسۃ الہدیٰ سوسائٹی تقریباً 25 سالوں سے بغیرکسی فیس کے مفت میں تعلیم فراہم کررہی ہے۔ مرحوم الحاج محمد مصطفیٰ خان، مرحوم الحاج شفیع اللہ، مرحوم انوارخان نے اپنے ساتھیوں اورمقامی لوگوں کےساتھ مل کرجو پودا لگایا تھا، آج وہ کافی بڑا اورتناورہوگیا ہے۔ بڑی تعداد میں یہاں سے بچے تعلیم یافتہ ہوکرآگے نکل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم انسان کو خود انحصاربناتی ہے۔ ایک تعلیم یافتہ شخص زندگی میں بہترمواقع حاصل کرسکتا ہے، روزگار کی نئی راہیں کھول سکتا ہے اورمعاشرے میں باعزت زندگی گزارسکتا ہے۔ میرے چھوٹے بھائی نثاراحمدخان دہلی میں بیٹھ کربھی یہاں کے غریب بچوں کے لئے سوچتے ہیں، یہ ہمارے لئے بڑے اعزازکی بات ہے۔

تعلیم کے لئے ہم ہروقت تعاون کے لئے تیار: ارشاد خان
ارشاد خان نے کہا کہ ہمیں تعلیم کی اہمیت کوسمجھنا چاہئے اوردوسروں کوبھی آگاہ کرنا چاہئے۔ تعلیم کے لئے بچوں کو جس طرح کی بھی ضرورت پڑے، ہم تعاون کے لئے تیار ہیں۔ سوسائٹی کے سکریٹری اسراراحمد خان، نائب صدرنصرالدین خان، نائب منیجراظہارخان، سماجی کارکن ارشاد خان، نوشاد خان نے سبھی مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پربی ڈی سی عتیق الرحمٰن، راجیش جیسوال، پنٹوبھائی، صلاح الدین خان، محمد ایوب راعینی، عبداللہ راعینی، محمد الطاف، شکیل احمد، شبیراحمد، پیارے یادو، عبدالطیف وغیرہ کے علاوہ مدرسۃ الہدیٰ سوسائٹی کے ذمہ داران، سرپرست اورمقامی لوگوں نے خصوصی طورپرشرکت کی۔
بھارت ایکسپریس اردو-
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



