بی جے پی لیڈر سید شاہنواز حسین۔ (فائل فوٹو)
پٹنہ، 29 اکتوبر : بہار اسمبلی انتخابات کے پیشِ نظر سیاسی گہما گہمی تیز ہو گئی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر شاہنواز حسین نے مہاگٹھ بندھن پر زبردست حملہ بولتے ہوئے کہا کہ این ڈی اے کی آندھی چل رہی ہے، جس میں سب مہاگٹھ بندھن اُڑ جائیں گے۔ انہوں نے آر جے ڈی رہنما اور وزیراعلیٰ کے امیدوار تیجسوی یادو کے اس بیان پر تنقید کی، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر ان کی حکومت بنی تو ہر گھر کے ایک فرد کو سرکاری نوکری دی جائے گی۔ شاہنواز حسین نے کہا کہ “جھوٹے وعدوں پر بہار کی عوام یقین نہیں کرتی۔ اب بہار کے لوگ نوکری کے بدلے زمین نہیں دینے والے۔ عوام نے دل سے طے کر لیا ہے کہ ووٹ این ڈی اے کو ہی دیں گے”۔
پٹنہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بی جے پی ترجمان نے کہا کہ “بہار کی عوام کا فیصلہ ہو چکا ہے — آئے گا این ڈی اے، جیتے گا این ڈی اے اور حکومت بھی بنائے گا این ڈی اے”۔ انہوں نے الزام لگایا کہ تیجسوی یادو اور مہاگٹھ بندھن صرف فریب کے سیاست دان ہیں، جو جھوٹ کا لباس اوڑھ کر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ شاہنواز حسین نے ’لینڈ فار جاب‘ گھوٹالے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بہار کے عوام بھولے نہیں ہیں کہ کس طرح ماضی میں نوکری کے بدلے غریبوں کی زمین چھینی گئی۔ انہوں نے کہا کہ “یہ سب کچھ عوام کے ذہن میں تازہ ہے۔ دودھ کا جلا چھاچھ بھی پھونک کر پیتا ہے۔ اب لوگ ان کے جھانسے میں آنے والے نہیں ہیں”۔
بی جے پی رہنما نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں این ڈی اے پچھلے 20 برسوں کے ترقیاتی کاموں کی بنیاد پر ایک بار پھر ریاست میں حکومت بنانے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “مہاگٹھ بندھن کو پہلے سے علم ہے کہ وہ اقتدار میں نہیں آنے والے، اسی لیے وہ عوام کو گمراہ کرنے کے لیے جھوٹے وعدے کر رہے ہیں کہ ہر گھر کو نوکری دیں گے”۔ آخر میں شاہنواز حسین نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ “ہم ووٹ سب سے مانگتے ہیں۔ جو ہمیں ووٹ دیتے ہیں، ہم ان کا بھی بھلا کرتے ہیں اور جو نہیں دیتے، ان سے دعائیں لیتے ہیں تاکہ ہم حکومت بنا کر ان کا بھی بھلا کر سکیں”۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
