نئی دہلی : قومی اتحاد کے دن کے موقع پر نئی دہلی میں ’ایکتا دوڑ‘ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے سردار ولبھ بھائی پٹیل کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ سردار صاحب کی زندگی ہر نوجوان کے لیے قربانی اور حب الوطنی کی تحریک ہے۔امت شاہ نے کہا کہ جب سے نریندر مودی وزیر اعظم بنے ہیں، تب سے سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یوم پیدائش کو قومی اتحاد کے دن کے طور پر منایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سردار ولبھ بھائی پٹیل ایک ایسی عظیم شخصیت تھے، جنہوں نے نہ صرف ملک کی تاریخ کو نئی سمت دی بلکہ آزاد ہندوستان کے جغرافیائی اتحاد کو بھی مضبوط بنیاد فراہم کی۔ انہوں نے مختلف شاہی ریاستوں کو ہندوستان میں ضم کرکے ملک کو ایک لڑی میں پرویا۔ آج ہندوستان کی جو متحدہ شکل ہمارے سامنے ہے، اس کے معمار سردار پٹیل تھے۔
1,218 دن میں متحد ہندوستان کی تشکیل کی
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ سردار پٹیل نے ہندوستان کے جغرافیائی، سیاسی اور ثقافتی اتحاد کے لیے نہ صرف کامیاب کوششیں کیں بلکہ پورے ملک کو ایک لڑی میں پرو دیا۔ ایک وقت ایسا تھا جب ہندوستان کو آزادی ملی تو دنیا بھر کے سیاسی ماہرین کا کہنا تھا کہ آزادی کے بعد ہندوستان بکھر جائے گا، لیکن سردار پٹیل نے آزادی کے بعد صرف 1,218 دن میں وہ کر دکھایا جو سب کو ناممکن لگتا تھا۔ انہوں نے ایک متحد ہندوستان کی تشکیل کی۔ آج سردار پٹیل کے تصور سے وجود میں آنے والا ہندوستان دنیا کے سامنے فخر کے ساتھ کھڑا ہے۔
ملک کو منشیات سے پاک بنانے کی اپیل
امت شاہ نے کہا کہ اسی سال 31 مارچ کو ملک نکسل ازم سے آزاد ہوا اور اب ہندوستان منشیات سے پاک ملک بننے کی سمت آگے بڑھ رہا ہے۔ سردار پٹیل کی 151ویں یوم پیدائش کے موقع پر میں ملک بھر کے لوگوں سے اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ ہم نے 31 دسمبر 2029 تک ملک کو مکمل طور پر منشیات سے پاک بنانے کا جو ہدف مقرر کیا ہے، اسے حاصل کرنے میں اپنا تعاون دیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ترقی یافتہ ہندوستان کا جو تصور پیش کیا ہے، اس کا پہلا مرحلہ منشیات سے پاک ہندوستان ہے۔ وزیر اعظم مودی کے دور حکومت میں کئی اہم فیصلے کیے گئے ہیں، جن میں دفعہ 370 کا خاتمہ، کشمیر کو ہمیشہ کے لیے ہندوستان کے ساتھ جوڑنا، ملک سے نکسل ازم کا خاتمہ اور ایک ملک، ایک ٹیکس نظام نافذ کرنا شامل ہے۔ اس کے علاوہ بھی کئی بڑے کام کیے گئے ہیں۔
لسانی اور ثقافتی تنوع ہماری طاقت ہے: امت شاہ
امت شاہ نے کہا کہ ملک میں لسانی، ثقافتی اور روایتی تنوع ہماری کمزوری نہیں بلکہ ہماری طاقت ہے۔ یہی سردار پٹیل کا پیغام تھا۔ سومناتھ مندر کی تعمیر کا تصور بھی سردار پٹیل نے ہی پیش کیا تھا۔ آج وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ’میک اِن انڈیا‘ اور ’آتم نربھر بھارت‘ جیسے اقدامات ملک کو عالمی سطح پر نمایاں مقام دلانے کی سمت آگے بڑھا رہے ہیں۔
کانگریس نے سردار پٹیل کو مناسب احترام نہیں ملا: امیت شاہ
مرکزی وزیر داخلہ امت شادہ نے کہا کہ سردار پٹیل کو کئی برسوں تک ہندوستان میں وہ احترام نہیں دیا گیا، جس کے وہ مستحق تھے۔ کانگریس نے ہمیشہ سردار پٹیل کو فراموش کرنے کا کام کیا۔ جب نریندر مودی گجرات کے وزیر اعلیٰ بنے تو انہوں نے ’اسٹیچو آف یونٹی‘ کے نام سے آسمان کو چھونے والا مجسمہ تعمیر کرا کے سردار پٹیل کی شخصیت کو پورے ملک کے سامنے پیش کرنے کا کام کیا۔امت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم مودی آج وہیں سے ملک بھر کی پولیس فورسز کی پریڈ کی سلامی لیں گے اور شام 4:30 بجے قومی اتحاد کا پیغام دیں گے۔ آج ملک بھر میں قومی اتحاد کے دن کے موقع پر ’ایکتا دوڑ‘ کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے۔اپنے خطاب کے اختتام پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے وہاں موجود تمام لوگوں کو قومی اتحاد کے دن کا حلف بھی دلایا۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

