آکرا/گھانا: وزیراعظم نریندر مودی نے گھانا کی پارلیمنٹ سے آج تاریخی خطاب کیا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے ملک کا اعلیٰ ترین سول اعزاز آفیسر آف دی آرڈر آف دی اسٹار آف گھانا بھارت اور گھانا کے درمیان پائیدار دوستی اور مشترکہ اقدار کے نام معنون کیا۔ وزیر اعظم مودی کو یہ باوقار اعزاز بدھ کے روز گھانا کے صدر جان مہاما کی جانب سے دیا گیا۔ انہوں نے اس اعزاز کو انتہائی فخریہ لمحہ قرار دیا اور گھانا کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔
اعزاز بھارت اور گھانا کے درمیان پائیدار دوستی کے نام
اپنے پارلیمانی خطاب کے دوران وزیر اعظم نے 1.4 ارب بھارتی عوام کی طرف سے گھانا کا شکریہ ادا کیا اور اس اعزاز سے جڑے جذبات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ شام ایک جذباتی لمحہ تھا۔ میرے عزیز دوست صدر مہاما کے ہاتھوں یہ قومی اعزاز حاصل کرنا میرے لیے باعثِ افتخار ہے۔ میں اس لمحے کو ہمیشہ یاد رکھوں گا۔ بھارت کے 1.4 ارب عوام کی جانب سے، میں گھانا کے عوام کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میں یہ اعزاز بھارت اور گھانا کے درمیان پائیدار دوستی اور مشترکہ اقدار کے نام کرتا ہوں۔
گھانا کو جمہوریت، وقار اور استقلال کے لیے خراج تحسین
وزیر اعظم نے مغربی افریقی ملک گھانا کو جمہوریت، وقار اور استقلال کے لیے خراج تحسین پیش کیا اور اسے افریقی براعظم کے لیے ایک مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ گھانا آ کر ایک اعزاز محسوس ہو رہا ہے، یہ ایک ایسی سرزمین ہے جو جمہوریت، عزت و وقار، اور استقلال کی روح سے معمور ہے۔ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا نمائندہ ہونے کے ناطے میں بھارت کے 1.4 ارب لوگوں کی نیک خواہشات لے کر آیا ہوں۔
گھانا وقار کے ساتھ ہر چیلنج کا سامنا کرتا ہے
وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے ثقافتی و تاریخی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے گھانا کی قدرتی دولت کے ساتھ ساتھ وہاں کے عوام کی گرمجوشی اور مضبوطی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ گھانا کو سونے کی سرزمین کہا جاتا ہے، نہ صرف اس کے قدرتی وسائل کی وجہ سے بلکہ یہاں کے لوگوں کے دلوں کی گرمی اور حوصلے کی بدولت بھی۔ جب ہم گھانا کو دیکھتے ہیں، تو ہمیں ایک ایسا ملک نظر آتا ہے جو تاریخ سے بلند ہو کر وقار کے ساتھ ہر چیلنج کا سامنا کرتا ہے۔ آپ کی جمہوری اقدار اور سب کو ساتھ لے کر ترقی کرنے کا عزم افریقہ کے لیے روشنی کا مینار ہے۔
ڈاکٹر کوامے نکروما کو خراج عقیدت
اس سے قبل جمعرات کو ہی وزیراعظم مودی نے آکرا میں واقع نکروما میموریل پارک کا دورہ کیا اور گھانا کے بانی صدر اور افریقی آزادی کی تحریک کے عظیم رہنما ڈاکٹر کوامے نکروما کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج صبح مجھے گھانا کے عظیم رہنما اور وژنری ڈاکٹر نکروما کو خراج پیش کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ انہوں نے ایک بار کہا تھا کہ ہمیں جو طاقتیں جوڑتی ہیں، وہ ان مصنوعی اثرات سے کہیں بڑی ہیں جو ہمیں الگ کرتی ہیں۔ ان کے الفاظ آج بھی ہماری مشترکہ راہ کا چراغ ہیں۔ وزیر اعظم کے ساتھ اس موقع پر گھانا کی نائب صدر پروفیسر نانا جین اوپوکو- اگیمنگ بھی موجود تھیں۔ وزیراعظم نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور ڈاکٹر نکروما کے آزادی، اتحاد، اور سماجی انصاف کے لیے کی گئی خدمات کے احترام میں خاموشی اختیار کی۔
گھانا، وزیر اعظم مودی کے 2 سے 9 جولائی کے پانچ ممالک کے دورے کا پہلا پڑاؤ ہے، جس میں وہ ٹرینیڈاڈ و ٹوباگو، ارجنٹینا، برازیل، اور نمیبیا کا بھی دورہ کریں گے۔ یہ گزشتہ 30 برسوں میں کسی بھی بھارتی وزیر اعظم کا گھانا کا پہلا دورہ ہے، اور اس دورے سے نہ صرف بھارت-گھانا شراکت داری میں گہرائی آئے گی بلکہ افریقہ اور گلوبل ساؤتھ کے ساتھ بھارت کے تعلقات کو بھی تقویت ملے گی۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
