نئی دہلی: جماعت اسلامی ہند کی مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس 22 جون 2025 سے امیرجماعت سید سعادت اللہ حسینی کی صدارت میں شروع ہوا۔ اجلاس کے پہلے روزمرکزی مجلس شوریٰ نے درج ذیل قرارداد منظورکی۔ مرکزی مجلس شوری کا یہ اجلاس ایران پریک طرفہ اورجارحانہ امریکی حملے کی سخت مذمت کرتا ہے اورایران کے عوام کے ساتھ یگانگت کا اظہارکرتا ہے۔ مشرق وسطیٰ کا یہ بحران دنیا بھر کے امن پسند اورانصاف پسند عوام کے لیے سخت تشویش اوراضطراب کا باعث ہے۔ اس صورتحال کے لیے امریکہ کے استبدادی رویے اور اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم براہ راست ذمے دارہیں اوریہ اسرائیلی اورامریکی حملے نہ صرف بین الاقوامی قوانین اوراقوام متحدہ کے منشورکی صریح خلاف ورزی ہیں بلکہ پورے خطے کے امن واستحکام کے لیے شدید خطرہ ہیں۔ اسرائیلی جارحیت اورامریکی پشت پناہی پر مغربی طاقتوں کی خاموشی اورشراکت اس بحران کومزید سنگین بنا رہی ہے۔ ایران کے جوہری مراکزاورشہری علاقوں پربمباری، خطے کو ایک طویل اورتباہ کن جنگ کی طرف دھکیل رہی ہے۔
ایران پرامریکی حملہ انتہائی غیرذمہ دارانہ: جماعت اسلامی
مجلس شوریٰ اس جانب متوجہ کرتی ہے متعلقہ بین الاقوامی اداروں کی جانب سے س طرح کا کوئی ثبوت نہیں دیا گیا ہے کہ ایران نے اٹیمی معاہدے کے حدود کوتجاوزکیا ہے۔ اس کے باوجود عالمی نظامِ امن وانصاف کو بالائے طاق رکھتے ہوئے امریکہ کا ایران کی تنصیبات پر حملہ نہایت غیرذمہ دارانہ حرکت ہے۔ یہ انسانیت کوتباہی کی طرف ڈھکیل دینے والی مذموم حرکت ہے۔ مجلس شوریٰ سمجھتی ہے کہ اس طرح کی کارروائیاں نہ صرف قانونی اوراخلاقی اصولوں کی پامالی ہیں بلکہ شدید انسانی بحران کا سبب بن سکتی ہیں۔ ان کے نتیجے میں شہری جانوں کا زیاں، انفرا اسٹرکچرکی بربادی، بڑے پیمانے پرنقل مکانی، بنیادی سہولیات کی تباہی اورمعاشی بحران کا خدشہ بڑھ گیا ہے، جوسارے عالم انسانیت کے لئے فکرمندی کا باعث ہے۔
یہ اجلاس اس دوہرے معیارکی شدید مذمت کرتا ہے، جس کے تحت اسرائیل کے یک طرفہ جارحانہ حملوں کو’دفاعی اقدام’ قراردیا جاتا ہے، جبکہ ایران کے جوابی اقدامات کودہشت گردی سے تعبیرکیا جاتا ہے۔ عالمی طاقتوں کے یہ دہرے معیارات عالمی امن کے لیے سب سے زیادہ سنگین خطرہ ہیں۔ مجلس شوریٰ حکومت ہند سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ فوری جنگ بندی کے لیے فعال سفارتی کردارادا کرے، کشیدگی کوکم کرنے کے لیے اپنے تمام ذرائع بروئے کارلائے اور اپنی خارجہ پالیسی میں غیر جانب داری ، استعمارکی مخالفت اورتیسری دنیا کے مظلوم ممالک کی حمایت کے ان دیرینہ اصولوں کی پاسداری کرے جو ہماری خارجہ پالیسی کے اہم ترین رہنما اصول رہے ہیں۔
عالمی برادری سے جماعت اسلامی کا بڑا مطالبہ
شوریٰ کا اجلاس مطالبہ کرتا ہے کہ عالمی برادری اپنی ذمہ داری محسوس کرےاوراس بات کو یقینی بنائے کہ امریکی اور اسرائیلی جارحیت پرفوری روک لگائی جائے، اسرائیلی جارحیت اورفلسطینی عوام کے خلاف جاری نسل کشی وجنگی جرائم کے مجرموں کو جلد سے جلد سزا دی جائے اورایٹمی تنصیبات اورشہری آبادیوں پرحملے فوری روکے جائیں۔ مجلس شوری مسلم ممالک سے اپیل کرتی ہے کہ وہ ایران کے تئیں اسلامی اخوت کے تقاضے پورے کریں۔ مذمتی بیان جاری کرنے سے آگے بڑھ کراور عالمی برادری کو ساتھ لے کر امریکی واسرائیلی جارحیت کو روکنے کی نتیجہ خیزکوششیں کریں۔ مجلس شوریٰ ہندوستان اوردنیا بھرکے امن پسند عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ صیہونی و امریکی جارحیت کے مقابلے میں ایرانی عوام اورخطے کے مظلومین کے ساتھ اظہاریکجہتی کریں اورعالمی امن کے قیام کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
