غزہ میں اسرائیلی بربریت جاری ہے۔ تازہ حملے میں تقریباً 70 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔ (فائل فوٹو)
غزہ: جمعہ کے روز غزہ پٹی میں اسرائیلی فضائی حملوں میں تقریباً 45 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ یہ اطلاع غزہ کے شہری دفاع نے دی۔ شہری دفاع کے ترجمان محمود بسال نے بتایا کہ جنوبی شہر خان یونس میں برکہ خاندان کے گھر پر فضائی حملے میں 10 افراد ہلاک ہوئے۔ اس کے علاوہ حجام کی دکان پر حملے میں دو بچے اور ایک خاتون سمیت چھ افراد مارے گئے۔
خان یونس میں دیگر مقامات پر فضائی حملوں میں مزید آٹھ افراد مارے گئے جب کہ دو افراد جنوبی شہر رفح میں مارے گئے۔ اسی دوران شمالی غزہ کے علاقے تل الجاطر میں مقداد خاندان کے گھر پر حملے میں 13 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ غزہ شہر میں بے گھر افراد کے دو کیمپوں پر حملوں میں مزید چھ افراد ہلاک ہو گئے۔
سول ڈیفنس نے خبردار کیا ہے کہ ایندھن کی قلت کے باعث آنے والے دنوں میں اس کی ہنگامی خدمات متاثر ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے انسانی امداد اور ایندھن کی فراہمی پر پابندیاں عائد کی جارہی ہیں جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
غزہ کے علاقے الطوام میں بے گھر ہونے والے شہریوں کے خیموں پر ایک اور حملے میں دو فلسطینی ہلاک اور چھ زخمی ہو گئے۔ ادھر جبالیہ میں شہریوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنانے والے حملے میں ایک نوجوان مارا گیا۔
اسرائیلی فوج (IDF) نے جمعے کے روزایک بیان میں کہا کہ وہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر غزہ میں دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے غزہ میں تقریباً 40 اہداف پر حملے کیے جن میں دہشت گردوں کے ٹھکانے، فوجی انفراسٹرکچر اور ہتھیاروں کے ڈپو شامل ہیں۔؎
مشرقی غزہ شہر کے شجاعیہ اور زیتون کے علاقے بھی شدید بمباری اور فضائی حملوں کی زد میں آئے جس سے کئی رہائشی عمارتیں تباہ ہو گئیں۔گزشتہ جمعرات کے روزبھی اسرائیلی فوج نے غزہ پٹی میں ڈرون، فضائی اور توپ خانے سے حملے کیے تھے، جن میں 45 فلسطینی مارے گئے تھے۔ یہ معلومات وہاں موجود طبی عملے، شہری دفاع اور عینی شاہدین نے دی۔
بتا دیں کہ اکتوبر 2023 میں شروع ہونے والے اس تنازعے میں اب تک 51,000 سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



