غزہ میں فلسطینی وزارت صحت نے 12 جنوری 2025 کو اسرائیلی بمباری سے فلسطینیوں کی ہلاکتوں کے بعد نئے اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔ ان اعدادو شمار کے مطابق اتوار کے روز ہونے والی بمباری سے 28 فلسطینی شہید ہوئے ہیں ۔ان 28 کو ملا کر اب تک غزہ میں جاں بحق فلسطینیوں کی کل تعداد 46565 ہو گئی ہے۔غزہ میں جاں بحق ہونے والے فلسطینیوں میں سب سے زیادہ فلسطینی بچوں اور عورتوں کو اسرائیلی فوج نے بمباری کر کے قتل کیا ہے۔ بچوں اور عورتوں کی یہ تعداد کل ہلاکتوں کے ستر فیصد کے قریب ہے۔
وہیں دوسری جانب شمالی غزہ میں حماس کے ساتھ جھڑپ اور دھماکا خیز مواد پھٹنے سے میں 4 اسرائیلی فوج ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے، جبالیہ میں اسکول میں قائم پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی بمباری سے 2 بچوں سمیت 8 فلسطینی شہید ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے جاری جارحیت کے دوران ہلاک ہونے والے صہیونی فوجیوں کی تعداد 403 ہو گئی۔اسرائیلی فوج نے اتوار کو جاری ایک بیان میں کہا کہ چار ہلاکتوں کے علاوہ ایک افسر اور ایک ریزرو فوجی شدید زخمی ہوئے جن کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اسرائیل شمالی غزہ میں اکتوبر کے اوائل سے ایک شدید حملہ کر رہا ہے۔ اسرائیلی فوج نے ہفتے کو شمالی غزہ کے جبالیہ کے قریب ایک زمینی آپریشن میں تین جنگجوؤں کو مارنے کا دعویٰ کیا تھا۔اس سے قبل غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے کہا تھا کہ اسرائیلی افواج نے جمعرات کو فلسطینی علاقے پر بمباری کی، جس کے نتیجے میں تین لڑکیوں سمیت کم از کم 12 افراد جان سے گئے۔
بھارت ایکسپریس۔