جنوبی ہندوستان میں بارش سے معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران تمل ناڈو اور آندھرا پردیش میں شدید بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق خراب موسم کی وارننگ کے پیش نظر چنئی اور تمل ناڈو کے 10 دیگر اضلاع میں آج یعنی 12 دسمبر 2024 کو اسکول بند کر دیے گئے ہیں۔ریاست کے جن 11 اضلاع میں جمعرات کو اسکول بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ان میں وِلو پورم، تنجاور، مائیلادوتھرائی، پڈوکوٹائی، کڈالور، ڈنڈیگل، رماناتھ پورم، تروورور، رانی پیٹ، ترووالور اور چنئی شامل ہیں۔ آئی ایم ڈی نے تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرائیکل میں ہلکی سے معتدل بارش کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ ایریالور، تھانجاور، تروورور اور پڈوکوٹائی اضلاع میں بھاری سے بہت زیادہ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ یہاں مختلف مقامات پر بارش اور گرج چمک کا بھی امکان ہے۔
تمل ناڈو، پڈوچیری، کرائیکل، کیرالہ اور ماہے میں موسلا دھار بارش کی وجہ سے اگلے دو دنوں کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ساحلی آندھرا پردیش، یانم، رائلسیما اور جنوبی اندرونی کرناٹک میں بارش کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ بارش کے اثرات کو کم کرنے کے لیے این ڈی آر ایف اور ریاستی ہنگامی ٹیموں کو تعینات کیا گیا ہے۔ ماہی گیروں کو 13 دسمبر تک سمندر میں نہ جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ اس سال تمل ناڈو میں بھاری بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
نومبر میں، تروورور، کڈلور، ناگاپٹنم اور مائیلادوتھرائی اضلاع میں اسی طرح کے موسمی حالات کی وجہ سے اسکول اور کالج بند کردیئے گئے تھے۔ فی الحال عام شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ گھر کے اندر رہیں اور اپنی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔ خلیج بنگال کے جنوب مغربی حصے میں بننے والا گہرا کم دباؤ کا علاقہ مغرب-شمال مغرب کی طرف بڑھ گیا ہے اور سری لنکا اور تامل ناڈو کے ساحلوں کے قریب آ گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تمل ناڈو میں بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
بھارت ایکسپریس۔