Bharat Express

کانگریس رکن پارلیمنٹ ڈاکٹرسید ناصر حسین نے راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑپرلگایا سنگین الزام، تحریک عدم اعتماد کے نوٹس سے متعلق کہی یہ بڑی بات

کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیوسی) کے رکن ڈاکٹر سید ناصر حسین نے کہا کہ ایوان میں اپوزیشن کی آواز دبائی جا رہی تھی، ایسا مسلسل ہو رہا تھا، اس لئے اپوزیشن نے فیصلہ کیا کہ جمہوریت کو زندہ رکھنے کے لئے راجیہ سبھا کے چیئرمین کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی تجویز لائی جائے۔

کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور سی ڈبلیو سی کے رکن ڈاکٹر سید ناصر حسین۔ (تصویر: اے این آئی)

نئی دہلی: کانگریس کے سینئر لیڈراورراجیہ سبھا رکن ڈاکٹرسید ناصر حسین نے نائب صدر جمہوریہ اورراجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑکے خلاف سنگین الزام لگایا ہے۔ انہوں نے راجیہ سبھا چیئرمین کے خلاف لائی جا رہی تحریک عدم اعتماد کی تجویزسے متعلق کہا کہ ایوان میں جس طرح سے اپوزیشن لیڈران کے ساتھ برتاؤکیا جا رہا تھا، انہیں بولنے نہیں دیا جا رہا تھا اوران کی آوازدبائی جا رہی تھی، اس لئے مجبورہوکریہ قدم اٹھانا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں ایسا پہلی بارہورہا ہے کہ چیئرمین کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی گئی ہے، لیکن جب چیئرمین کسی سیاسی پارٹی کے ترجمان بن جائیں اورحکومت کی مرضی سے کام کرنے لگیں تو یہ مجبوری ہوجاتی ہے، ہمیں جس طرح سے ہروز سامنا کرنا پڑ رہا تھا، اس وجہ سے یہ بڑا قدم اٹھانا پڑا۔

 کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیوسی) کے رکن ڈاکٹرسید ناصرحسین نے کہا کہ ایوان کے لیڈر کی ذمہ داری سب کو ساتھ لے کرچلنے کی ہوتی ہے، لیکن جب لیڈرہی حکومت کا ترجمان بن جائے، توپھراپوزیشن کی آواز کو کون سنے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب ایوان میں مسلسل ایسا ہونے لگا تو ہم لوگوں کولگا کہ جس طرح سے ہاؤس کوچیئرمین چلا رہے ہیں اوراپوزیشن کوبولنے نہیں دیا جا رہا ہے، اس میں کوئی بڑا قدم اٹھانا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ راجیہ سبھا چیئرمین جگدیپ دھنکھڑحکومت کے ترجمان بن گئے ہیں، اپوزیشن کے لیڈران کوبولنے نہیں دیتے تھے۔ اپوزیشن لیڈرجب کھڑے ہوتے ہیں توانہیں بھی بولنے کی اجازت نہیں دی جاتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا جس طرح سے استحصال کیا جا رہا تھا اورہماری آوازدبائی جا رہی تھی، یہاں تک کہ سینئر لیڈران کوبھی نہیں بولنے دیا جاتا تھا، اس سے بدظن ہوکر یہ تحریک عدم اعتماد کی تجویزلائی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اپوزیشن کے 60 اراکین پارلیمنٹ نے تحریک عدم اعتماد کی تجویزپردستخط کئے ہیں اورچیئرمین کے خلاف یہ نوٹس دی گئی ہے۔

قابل ذکرہے کہ نائب صدرجمہوریہ اورراجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑکے خلاف اپوزیشن کی طرف سے تحریک عدم اعتماد کی تجویزلائی گئی ہے۔ اس تجویزپر جن 60 اراکین پارلیمنٹ نے دستخط کئے ہیں، اس میں کانگریس، سماجوادی پارٹی، ترنمول کانگریس، ڈی ایم کے، جے ایم ایم، آرجے ڈی اوردیگراپوزیشن پارٹیاں شامل ہیں۔ حالانکہ اس تجویزپرکانگریس پارلیمانی امور کی چیئرپرسن سونیا گاندھی اوراپوزیشن لیڈرملیکا ارجن کھڑگے کے دستخط نہیں ہیں۔

Also Read