Bharat Express

UP By Election 2024:  سماجوادی پارٹی نے جاری کی 6 امیدواروں کی فہرست، ایودھیا کے ایم پی اودھیش پرساد کے بیٹے کو ملا ٹکٹ، نسیم سولنکی اورمصطفیٰ صدیقی بھی آزمائیں گے قسمت

سماجوادی پارٹی نے میرا پور، کندرکی، غازی آباد صدر اورعلی گڑھ کی خیرسیٹ پرامیدواروں کے ناموں کا اعلان ابھی نہیں کیا ہے۔ یوپی کی 10 سیٹوں پراس سال کے آخرمیں اسمبلی کے ضمنی الیکشن ہونے ہیں۔

سماجوادی پارٹی نے یوپی ضمنی الیکشن کے لئے 6 امیدوراروں کا اعلان کردیا ہے۔

اترپردیش میں ضمنی الیکشن کو دیکھتے ہوئے سماجوادی پارٹی نے اسمبلی کی 6 سیٹوں کے لئے نام کا اعلان کر دیا ہے۔ کرہل سے تیج پرتاپ یادو، سیسا مئوسے نسیم سولنکی، پھول پورسے مصطفیٰ صدیقی، ملکی پور سے اجیت پرساد، کٹہری سے شوبھاورتی ورما، مجھواں سے جیوتی بند کوٹکٹ دیا گیا ہے۔

اترپردیش کی 10 سیٹوں پراس سال کے آخرمیں اسمبلی کے ضمنی الیکشن ہونے ہیں۔ یہ سبھی سیٹیں اراکین اسمبلی کے استعفیٰ دینے کی وجہ سے خالی ہوئی ہیں۔ آپ کو بتادیں کہ اس 10 سیٹوں میں سے 9 اراکین کے پارلیمنٹ پہنچنے کی وجہ سے خالی ہوئی ہیں جبکہ ایک سیٹ سیسا مئوسے عرفان سولنکی کوعدالت سے سزا ہونے کے بعد ان کی رکنیت ختم کردی گئی ہے۔

سماجوادی پارٹی کی فہرست میں سینئرلیڈران کی فیملی کودی گئی توجہ

سماجوادی پارٹی نے جن 6 امیدواروں کی نئی فہرست جاری کی ہے، اس میں سینئرلیڈران کی فیملی کو توجہ دی گئی ہے۔ اکھلیش یادونے اپنی فیملی کے تیج پرتاپ کوکرہل سے امیدواربنایا ہے۔ فیض آباد(ایودھیا) سے رکن پارلیمنٹ اودھیش پرساد کے بیٹے اجیت پرساد کوملکی پورسے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ سیسا مئوسیٹ سے عرفان سولنکی کی اہلیہ نسیم سولنکی کوامیدواربنایا گیا ہے۔ لال جی ورما کی فیملی کے شوبھاوتی کوکٹہری سے امیدواربنایا گیا ہے۔ اسی طرح پھول پورسے الیکشن لڑچکے مصطفیٰ صدیقی کوپھرسے ٹکٹ دیا گیا ہے۔

ان چار سیٹوں پرامیدواروں کا نہیں کیا گیا اعلان

سماجوادی پارٹی نے میراپور، کندرکی، غازی آباد صدراورعلی گڑھ کی خیرسیٹ پرامیدواروں کے نام ہولڈ کر دیئے ہیں۔ کندرکی میں مرحوم شفیق الرحمٰن برق کی فیملی اپنے قریبی کو ٹکٹ دلانے کی پیروی میں مصروف ہے، جبکہ مرادآباد سے سابق رکن پارلیمنٹ ایس ٹی حسن یہاں سے اپنے لئے ٹکٹ کی کوشش کررہے ہیں۔ اسی طرح علی گڑھ اورمیرا پورمیں بھی بڑی تعداد میں دعویداری کی جارہی ہے۔ غازی آباد صدرسیٹ سماجوادی پارٹی کانگریس کودے سکتی ہے۔ حالانکہ کانگریس 5 سیٹوں کا مطالبہ کررہی ہے۔ قابل ذکرہے کہ یوپی کی جن 10 سیٹوں پرضمنی الیکشن ہونے ہیں، ان میں میرا پور، غازی آباد، خیر، کندرکی، کرہل، مجھواں، پھول پور، سیسا مئو، ملکی پوراورکٹہری شامل ہں۔ 2027 سے پہلے ان 10 سیٹوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن کو لٹمس ٹسٹ مانا جا رہا ہے۔

-بھارت ایکسپریس