Bharat Express

Zaheer Khan IPL 2025: ظہیرخان کو مل گئی بڑی ذمہ داری، گوتم گمبھیر کی لیں گے جگہ، آئی پی ایل 2025 کے لئے ہوگیا بڑا اعلان

ظہیرخان گزشتہ کئی سالوں سے 5 بارکی آئی پی ایل چمپئن ممبئی انڈینس کے ساتھ جڑے تھے، جہاں وہ ڈائریکٹرآف کرکٹ تھے اوربعد میں ہیڈ آف گلوبل کرکٹ ڈیولیپمنٹ بنے تھے۔ ظہیرخان نے اپنے آئی پی ایل کیریئرمیں 100 میچ کھیلے اوراس میں انہوں نے 102 وکٹ حاصل کئے۔

ظہیرخان کو لکھنؤ سپر جائنٹس نے بڑی ذمہ داری سونپی ہے۔

آئی پی ایل 2025 سیزن کی میگا آکشن سے پہلے لکھنؤ سپرجائنٹس نے اپنے ترکش میں ایک اورتیرجوڑ لیا ہے۔ لکھنؤ سپرجائنٹس نے ٹیم انڈیا کے سابق تیزگیند بازظہیرخان کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ اس طرح ظہیرخان نے لکھنؤ سپرجائنٹس کے مینٹارکے طورپرٹیم انڈیا کے موجودہ کوچ گوتم گمبھیر کی جگہ لی ہے، جنہوں نے گزشتہ سال ٹیم کا ساتھ چھوڑا تھا۔ فرنچائزی نے بدھ 28 اگست کوکولکاتا میں ایک پریس کانفرنس میں ظہیرخان کونئے مینٹارکے طور پرپیش کیا۔

ممبئی چھوڑکرلکھنؤ پہنچے ظہیرخان

لکھنؤ سپر جائنٹس میں ظہیرخان اب گوتم گمبھیرکی جگہ لیں گے۔ گوتم گمبھیراس فرنچائزی کی شروعات سے ہی مینٹارتھے اورمسلسل دو سیزن تک ٹیم کا حصہ رہے۔ اس دوران فرنچائزی نے دونوں سیزن میں پلے آف کے لئے کوالیفائی کیا تھا۔ گوتم گمبھیرنے حالانکہ گزشتہ سال ٹیم کا ساتھ چھوڑ دیا تھا اورپھرکولکاتا نائٹ رائیڈرس کے مینٹاربنے تھے، جہاں انہوں نے کولکاتا نائٹ رائیڈرس (کے کے آر) کوآئی پی ایل 2024 کا چمپئن بنوایا۔ وہیں، لکھنؤاس سیزن میں پلے آف میں پہنچنے سے محروم رہ گئی تھی۔ ایسے میں فرنچائزی نے پھرسے مینٹارکو مقررکرنے کا فیصلہ کیا۔

تقریباً 15 سال کے انٹرنیشنل کیریئرمیں ٹیم انڈیا کے لئے 600 سے زیادہ وکٹ لینے والے ظہیرخان گزشتہ کئی سالوں سے آئی پی ایل میں سپورٹ اسٹاف کے طورپرجڑے ہوئے ہیں۔ خود 100 آئی پی ایل میچ کھیلنے والے ظہیرخان نے لمبا وقت ممبئی انڈینس کے ساتھ گزارا، جہاں وہ کچھ سال تک فرنچائزی کے ڈائریکٹرآف کرکٹ رہے تھے۔ اس کے بعد 2022 میں انہیں پرموٹ کرتے ہوئے فرنچائزی کا گلوبل ہیڈ آف ڈیولپمنٹ بنایا گیا تھا۔ اس عہدے پرتقریباً 2 سال تک رہنے کے بعد ظہیرخان نے لکھنؤ کا دامن تھامنے کے لئے حامی بھردی۔

ایسا رہا ہے ظہیرخان کا کیریئر

45 سال کے ظہیرخان نے ٹیم انڈیا کے لئے 92 ٹسٹ میں 311 وکٹ حاصل کئے ہیں۔ ونڈے میں وہ 200 میچوں میں 282 وکٹ حاصل کر چکے ہیں۔ ظہیرخان نے 100 آئی پی ایل میچ کھیلے اوراس میں انہوں نے 102 وکٹ حاصل کئے۔ 2011 میں کھیلے گئے ورلڈ کپ میں بھی ظہیرخان نے سب سے زیادہ وکٹ حاصل کرکے ٹیم انڈیا کی جیت طے کی تھی۔ آئی پی ایل میں وہ رائل چیلنجرس بنگلور، دہلی ڈیئرڈیولس (کیپٹلس) اورممبئی انڈینس کا حصہ تھے۔

بھارت ایکسپریس