Bharat Express

Wrestlers Protest: ایک ماہ سے پہلوانوں کا احتجاج جاری، بجرنگ پونیا نے کی عوام سے کینڈل مارچ میں شرکت کی اپیل

ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے پہلوان آج انڈیا گیٹ پر کینڈل مارچ نکالیں گے۔

آج انڈیا گیٹ پر نکلے گا کینڈل مارچ

ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ کی گرفتاری کے مطالبہ کے لیے دہلی کے جنتر منتر پر پہلوانوں کو احتجاج کرتے ہوئے ایک ماہ مکمل ہو گیا ہے، لیکن بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ کی ابھی تک گرفتاری نہیں ہو پائی ہے۔ اسی سلسلے میں پہلوان آج انڈیا گیٹ پر کینڈل مارچ بھی نکالیں گے۔ بجرنگ پونیا نے عوام سے پرامن طریقے سے نکالے جانے والے کینڈل مارچ میں شرکت کی اپیل کی ہے۔ لوگوں سے اپنی اپیل میں، انہوں نے کہا کہ شاید یہ ملک کا پہلا ایسا معاملہ ہو گا، جس میں پوکسو کے تحت کیس درج ہونے کے باوجود گرفتاری نہیں ہو پا رہی ہے۔

بتا دیں کہ پہلوانوں کو کھاپ پنچایت کی حمایت بھی حاصل ہے۔ اس سے قبل 21 مئی کو ہریانہ میں کھاپ پنچایت منعقد ہوئی تھی، جس میں فیصلہ لیا گیا تھا کہ برج بھوشن شرن سنگھ کی گرفتاری کی مانگ کے متعلق پہلوانوں کے دھرنے کا ایک مہینہ پورا ہونے کے بعد انڈیا گیٹ پر کینڈل مارچ نکالا جائے گا۔ اس کے علاوہ جس دن نئی پارلیمنٹ کا افتتاح کیا جائے گا، پہلوان اسی دن پارلیمنٹ کے باہر مہیلا مہاپنچایت کا انعقاد کریں گے۔

نئی پارلیمنٹ کے افتتاح کے دن ہوگی مہیلا مہاپنچایت

پہلوانوں کی حمایت میں ہوئی مہاپنچایت میں ہریانہ کے جاٹ اکثریت والے روہتک ضلع کے کسانوں اور کھاپ پنچایتوں کے نمائندوں نے دہلی کے جنتر منتر پر احتجاج کرنے والے پہلوانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بی جے پی سرکار کو پیغام بھیجا تھا۔ انہوں نے مبینہ جنسی ہراسانی کے ملزم ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ کی گرفتاری کا مطالبہ کرنے کے ساتھ دھرنے پر بیٹھیں خاتون کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی تھی۔

ملک بھر سے خواتین نئی دہلی پہنچیں گی

ہریانہ کے علاوہ اتر پردیش، راجستھان کے کسان نمائندوں کے درمیان ہونے والی پنچایت میں فیصلہ کیا گیا کہ جس دن وزیر اعظم نریندر مودی نئی پارلیمنٹ کا افتتاح کریں گے، اسی دن نئی پارلیمنٹ کے باہر مہیلا پنچایت کا انعقاد کیا جائے گا۔ کھاپ پنچایت (کمیونٹی کورٹ) نے کہا کہ پہلوانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کے لیے ملک بھر سےخواتین نئی دہلی پہنچیں گی۔

بھارت ایکسپریس۔