Bharat Express

Shubman Gill 3000 Run: شبمن گل نے آئی پی ایل میں مکمل کیے 3000 رنز، سریش رائنا کا توڑا بڑا ریکارڈ

گجرات کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں شبمن گل کی 89 رنز کی ناقابل شکست اننگ کی بنیاد پر گجرات ٹائٹنز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔

شبمن گل (سورس X)

Shubman Gill 3000 Run: گجرات ٹائٹنز کے کپتان شبمن گل نے پنجاب کنگز کے خلاف ناقابل شکست 89 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی اور آئی پی ایل میں اپنے 3000 رنز مکمل کر لیے۔ اس اننگ کے دوران گل نے نہ صرف 3000 رنز کا ہندسہ چھو لیا بلکہ اس سنگ میل تک پہنچنے والے دوسرے تیز ترین ہندوستانی بلے باز بھی بن گئے۔ مجموعی طور پر وہ اس تعداد تک پہنچنے والے چوتھے کھلاڑی بن گئے اور انہوں نے آسٹریلوی کھلاڑی ڈیوڈ وارنر کا ریکارڈ توڑ دیا۔

شبمن گل نے توڑا سریش رائنا کا ریکارڈ

گجرات کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں گجرات ٹائٹنز کے کپتان شبمن گل کی 89 رنز کی ناقابل شکست اننگ کی بنیاد پر گجرات ٹائٹنز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔ حالانکہ، اس میچ میں گجرات ٹائٹنز کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ پنجاب کنگز نے ایک گیند باقی رہ کر میچ جیت لیا۔ شبمن گل نے پنجاب کے خلاف میچ میں اپنے آئی پی ایل کریئر  کے 3000 رنز مکمل کر لیے۔

آئی پی ایل میں بطور کپتان گل کی پہلی نصف سنچری رہی۔ گل اب آئی پی ایل میں تیز ترین 3000 رنز بنانے والے دوسرے ہندوستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔ ان سے پہلے سریش رائنا نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ رائنا نے یہ کارنامہ 103 اننگز میں کیا۔ اس فہرست میں لکھنؤ سپر جائنٹس کے کپتان کے ایل راہل کا نام پہلے نمبر پر درج ہے۔ انہوں نے یہ ریکارڈ 80 اننگز میں بنایا۔

گل نے ڈیوڈ وارنر کو پیچھے چھوڑا

شبمن گل آئی پی ایل میں مجموعی طور پر تیز ترین 3000 رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر کو پیچھے چھوڑ دیا۔ گل نے آئی پی ایل میں اپنے 3000 رنز 92 اننگز میں مکمل کئے۔ جبکہ وارنر نے یہ کارنامہ 94 اننگز میں انجام دیا۔ آئی پی ایل میں تیز ترین 3000 رنز مکمل کرنے کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ کرس گیل کے نام ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جے پور گراؤنڈ جب ” آر سی بی۔آرسی سی” کے نعروں سے اٹھا گونج ، شوسل میڈیا پر ویڈیو ہوا وائرل

بھارت ایکسپریس۔