ورلڈ کپ 2023 میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مقابلے سے متعلق وقار یونس نے بڑی پیشین گوئی کی ہے۔
India vs Pakistan, ODI World Cup 2023 Match: ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کرکٹ میدان پر مقابلے کا انتظار سبھی کرکٹ مداحوں کے ساتھ دونوں ممالک کے سابق کھلاڑی بھی کافی بے صبری سے کر رہے ہیں۔ آئندہ کچھ ماہ میں دونوں ٹیموں کے درمیان 50 اوور فارمیٹ میں مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ ایسے میں ان مقابلوں سے متعلق سابق پاکستانی عظیم کھلاڑی وقاریونس نے بڑا بیان دیتے ہوئے کہا کہ اس بار پاکستان کی ٹیم ہندوستان کے خلاف ورلڈ کپ میچ میں بغیر کسی دباؤ کے کھیلتے ہوئے نظر آئے گی۔
آئندہ ورلڈ کپ 2023 میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والے مقابلے سے متعلق سابق پاکستانی کپتان وقار یونس نے ایسے 4 کھلاڑیوں کے نام بھی بتائے ہیں، جو اس مقابلے میں پاکستانی ٹیم کے لئے میچ ونر ثابت ہوسکتے ہیں۔ اس میں انہوں نے موجودہ کپتان بابراعظم کے علاوہ تیز گیند باز شاہین آفریدی، امام الحق اور فخرزماں کا نام شامل کیا ہے۔
وقار یونس نے کرکٹ پاکستان کو دیئے اپنے انٹرویو میں کہا کہ ہمارے پاس ٹیم میں کئی میچ ونرکھلاڑی موجود ہیںم امام الحق اوپننگ میں اچھی اننگ کھیل رہے ہیں۔ شاہین آفریدی اور فخرزماں نے اپنی کارکردگی سے ٹیم کو کئی میچ جتائے ہیں۔ کپتان بابراعظم بھی مسلسل بہتر نظرآرہے ہیں۔ یہ سبھی کھلاڑی بڑے میچوں میں دباؤ میں کافی اچھی طرح سے سنبھالتے ہوئے نظرآتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: World Cup 2023: ہندوستان میں ورلڈ کپ کھیلنے پاکستانی ٹیم آئے گی یا نہیں؟ پی سی بی کی طرف سے اب بھی فیصلے کا انتظار
اب کھلاڑیوں پر ہوتا ہے زیادہ دباؤ
وقار یونس نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اب دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں پر مقابلے سے پہلے زیادہ دباؤ دیکھنے کو ملتا ہے۔ ہمارے وقت میں ایسا نہیں ہوتا تھا، کیونکہ ہم ایک دوسرے کے خلاف کھیلتے رہتے تھے۔ اب دونوں ہی ٹیموں کا آمنا سامنا آئی سی سی ایونٹس میں ہی ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان آئندہ ایشیا کپ میں 2 اگست کو مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ وہیں ونڈے ورلڈ کپ 2023 میں دونوں ٹیموں کا مقابلہ احمدآباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہوگا۔