پاکستان کی ون ڈے اور ٹی20 ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔بابر اعظم نے رات گئے اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ کر کے اپنے مداحوں کو یہ اطلاع دی۔سوشل میڈیا پر جاری کردہ پیغام میں بابر اعظم نے لکھا کہ پاکستانی ٹیم کی کپتانی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے، بطور کھلاڑی اپنی کارکردگی پر توجہ دینا چاہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ٹیم کی کپتانی کرنا اچھا تجربہ تھا لیکن ورک لوڈ میں اضافہ ہوگیا تھا۔بابر اعظم نے کہا کہ قومی ٹیم کی قیادت میرے لیے اعزاز رہا، کپتانی سود مند تجربہ رہا لیکن اب میں توجہ اپنے کھیل پر مرکوز رکھنا چاہتا ہوں۔انہوں نے قیادت کے دوران سپورٹ کرنے پر اپنے فینز کا شکریہ بھی ادا کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال ون ڈے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے پہلے ہی راؤنڈ میں اخراج کے بعد بابر اعظم نے قیادت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ان کی جگہ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو کپتان مقرر کیا گیا تھا لیکن اپنے محدود دور میں وہ بھی پاکستانی ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن نہ کر سکے اور پھر انہیں بھی رواں سال قیادت سے ہٹا دیا گیا تھا۔بعدازاں پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ اور محدود اوورز کی کرکٹ کے لیے الگ، الگ کپتان بنانے کا فیصلہ کیا تھا اور اس سلسلے میں شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپی گئی تھی۔شاہین کے بعد قرعہ فال ایک بار پھر بابر کے نام نکلا تھا اور رواں سال مارچ میں انہیں پاکستان کی ون ڈے اور ٹی20 ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔تاہم اب تقریباً چھ ماہ بعد انہوں نے دوبارہ قیادت کے منصب سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
بابر اعظم نے لکھا کہ ’ڈئیر فینز، میں نے قومی ٹیم کی کپتانی سے مستعفیٰ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ بطور کھلاڑی کردار ادا کرنے پر توجہ دینا اور فیملی کے ساتھ وقت گزارنا چاہتا ہوں۔قومی ٹیم کی قیادت کرنا میرے لیے ایک اعزار کی بات ہے لیکن اب یہ وقت ہے کہ میں بطور کپتان مستعفی ہو کر اپنے کھیل پر توجہ دوں۔ کپتانی سے ہٹ کر میں میں اپنی توانائیاں اپنی انفرادی کھیل اور شخصی گروتھ پر صرف کرنا چاہتا ہوں۔ میں آپ کی محبت اور سپورٹ کے لیے آپ سب کا شکرگزار ہوں۔
بھارت ایکسپریس۔