![](https://urdu.bharatexpress.com/wp-content/uploads/2025/02/dr-ezgif.com-jpg-to-webp-converter.webp)
جموں و کشمیر کے گاندر بل ضلع میں واقع مشہور سیاحتی مقام سونہ مرگ کا دروازہ اب سیاحوں کے لئے سال بھر کھلا رہے گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے 13 جنوری 2025 کو زیڈ موڑ سرنگ کا افتتاح کیا تھا، جس سے اس خطے کو سال بھرآمد و رفت کی آسانی ہو گئی ہے۔ اس اہم سرنگ کے کھلنے سے نہ صرف مقامی لوگوں کو فائدہ پہنچے گا بلکہ سیاحتی، کاروباری اور معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔زیڈ موڑ سرنگ 6.5 کلومیٹر طویل جدید ترین سرنگ ہے ،جسے سونہ مرگ کو ہر موسم میں رابطہ فراہم کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ اس سے قبل سونہ مرگ سردیوں میں شدید برف باری کی وجہ سے باقی ہندوستان سے منقطع ہو جاتا تھا، جس سے سیاحت اور کاروبار بری طرح متاثر ہوتاتھا۔ اس سرنگ کی تعمیر سے یہ علاقہ اب سال بھر کھلا رہے گا جس سے مقامی معیشت کو فروغ ملے گا۔
سیاحت اور ایڈونچرا سپورٹس کو ملے گافروغ
سونہ مرگ اپنی خوبصورت وادیوں، برف پوش پہاڑوں اور ایڈونچر اسپورٹس کے لیے مشہور ہے۔ اب اس ٹنل کے کھلنے سے سیاحوں کو سال بھر یہاں آنے کا موقع ملے گا۔ خاص طور پر گرمیوں میں ٹریکنگ،کیمپنگ اور سردیوں میں اسکیئنگ اور سنو بورڈنگ جیسی سرگرمیاں اب بغیر کسی خلل کے جاری رہ سکتی ہیں۔ اس سے سونہ مرگ گلمرگ اور پہلگام کی طرح ایک اہم سیاحتی مقام کے طور پر ابھر سکتا ہے۔
مقامی لوگوں کو تعلیم، صحت اور روزگار کی سہولتیں
اس سرنگ کی تعمیر سے گاندربل ضلع کے مقامی لوگوں کو بھی کافی فائدہ ہوگا۔ اب وہ پورے سال علاج، تعلیم اور روزگار کے مواقع حاصل کر سکیں گے۔ پہلے موسم سرما میں شدید برف باری کی وجہ سے لوگوں کو سری نگر اور دوسرے بڑے شہروں تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا لیکن اب یہ مشکلیں ختم ہو جائیں گی۔
زیڈ موڑ سرنگ سے نہ صرف سیاحتی بلکہ تجارتی اور اقتصادی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ کشمیر کی مقامی مصنوعات جیسے زعفران، سیب، خشک میوہ جات اور ہینڈلوم انڈسٹری کو بھی اب پورےسال بازار تک رسائی ملے گی۔ اس کے علاوہ ہوٹلوں، ریسٹورنٹ اور ٹرانسپورٹ سے متعلق کاروبار بھی نئی بلندیوں تک پہنچیں گی۔
زیڈ موڑ سرنگ نہ صرف سیاحت اور کاروبار کے لیے اہم ہے بلکہ اسٹریٹیجک نقطہ نظر سے بھی بہت اہمیت کا حامل ہے۔ یہ سرنگ کارگل، لیہہ اور لداخ کے اسٹریٹیجک علاقوں کو آپس میں ملانے کا ایک اہم راستہ ہے، جس سے ہندوستانی فوج کو بھی فائدہ ہوگا۔ موسم سرما میں برف باری کی وجہ سے جو چیلنجز درپیش تھے، اب کافی حد تک کم ہو جائیں گے۔
ہندوستانی فوج کو بھی ملے گا فائدہ
زیڈ موڑ سرنگ کو جدید ترین ٹیکنالوجی اور حفاظتی اقدامات کے ساتھ بنایا گیا ہے۔ اس میں وینٹیلیشن سسٹم، فائر فائٹنگ سسٹم، سی سی ٹی وینگرانی اور ایمرجنسی انخلاء کی سہولیات موجود ہیں۔ اس سےسرنگ میں سفر کرنے والے لوگوں کی حفاظت اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے گا۔زیڈ موڑ سرنگ کے کھلنے سے سونہ مرگ میں سیاحت کو ایک نئی جہت ملے گی۔ سال بھر کھلی رہنے والی یہ سڑک مقامی لوگوں، تاجروں اور سیاحوں کے لیے بڑی تبدیلیاں لے کر آئی ہے۔ حکومت کی طرف سے کئے گئے اس اہم ترقیاتی کام سے جموں و کشمیر کی معیشت کو ایک نیا فروغ ملے گا اور سونہ مرگ ایک بڑے سیاحتی مقام کے طور پر مزید مشہور ہو جائے گا۔
بھارت ایکسپریس