![](https://urdu.bharatexpress.com/wp-content/uploads/2025/02/ezgif.com-jpg-to-webp-converter-2-1.webp)
افغانستان کے نائب وزیرخارجہ نے اپنا ملک چھوڑ کر راہ فرار اختیار کرلیا ہے اوور یہ تب ہوا ہے جب انہوں نے طالبان سپریمو پر لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی کے خلاف تنقید کی تھی اور اس فیصلے کو غیر اسلامی بتایا تھا۔خبر ہے کہ طالبان ایک سینیئر اہلکار محمد عباس ستانکزئی جو افغانستان کے نائب وزیر خارجہ ہیں، حکومت کی جانب سے خواتین کی تعلیم پر پابندی کی کھلے عام مخالفت کرنے کے بعد افغانستان چھوڑ چکے ہیں۔ عباس ستانکزئی حکومت کی جانب سے لڑکیوں کی اعلیٰ تعلیم پر پابندی کے فیصلے پر تنقید کے بعد ملک سے فرار ہونے پر مجبور ہو ئے ہیں۔ عباس ستانکزئی نے جنوری میں افغانستان کے صوبہ خوست میں ایک گریجویشن تقریب کے دوران یہ بات کہی تھی۔ انہوں نے حکومت سے “علم کے دروازے کھولنے” کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا حال اور مستقبل میں کوئی جواز نہیں ہے ۔
انہوں نے طالبان حکومت کے فیصلے کو غیر منصفانہ اور افغانستان کی چالیس ملین آبادی کے نصف کے ساتھ ناانصافی قرار دیاتھا۔ اپنی تقریر میں ستانکزئی نے کہا تھاکہ اسلام کے ابتدائی دور میں بھی ایسی کوئی تفریق نہیں تھی اور خواتین کی ایک قابل ذکر تعداد کو تعلیم اور علم تک رسائی حاصل تھی۔اس تقریر کے بعد طالبان رہنما ہیبت اللہ اخوندزادہ نے محمد عباس ستانکزئی کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ان کے ملک چھوڑنے پر پابندی عائد کر دی تھی۔ تاہم، محمد عباس ستانکزئی متحدہ عرب امارات کے لیے ملک چھوڑنے میں کامیاب ہو گئے ہیں، حالانکہ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ انھوں نے افغانستان کو کووڈ کا معاہدہ کرانے کے بعد آرام کرنے کے لیےچھوڑا ہے۔ حالانکہ افغان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اس کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ ہمارے پاس موجود معلومات کے مطابق ہمارے نائب وزیرخارجہ دبئی اپنے ذاتی اور خاندانی دورے پر گئے ہیں اور امارت اور انتظامیہ کے درمیان کسی بھی قسم کا کوئی ٹکراو نہیں ہے اور اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب محمد عباس ستانکزئی نے طالبان رہنما کو تنقید کا نشانہ بنایا ہو۔ اس سے قبل بھی محمد عباس ستانکزئی کئی معاملوں پر کھل کر مخالف کرچکے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ مسلسل ہیبت اللہ اخوندزادہ کی آنکھوں میں کھٹک رہے تھے۔واضح رہے کہ اپنے ابتدائی وعدوں کے باوجود، طالبان کے اقتدار میں واپس آنے کے بعد، انھوں نے افغان خواتین اور لڑکیوں کو ثانوی اور یونیورسٹی کی تعلیم کے حق کے ساتھ ساتھ بہت سے سماجی اور شہری حقوق سے محروم کر دیا، اور افغان خواتین کے لیے حجاب اور خاص طور پر نقاب کو لازمی قرار دیاہے۔
بھارت ایکسپریس۔