Bharat Express

Anti-conversion Law: کرناٹک کی حکومت نے”تبدیلی مذہب مخالف قانون”کو منسوخ کردیا، آر ایس ایس کے بانی سے متعلق لیا بڑا فیصلہ

سدارامیا حکومت نے کرناٹک کابینہ کی میٹنگ میں بی جے پی کے دور میں لائے گئے تبدیلی مذہب مخالف قانون کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی کے بی ہیڈگیوار سے متعلق باب کو کرناٹک کے نصاب سے خارج کرنے کے فیصلے کو بھی منظوری دی گئی ہے۔

Anti-conversion Law: کرناٹک کی  نئی نویلی کانگریس کی سرکار نے کئی اہم اور بڑے فیصلے کئے ہیں ان میں سے ایک کا تعلق سابقہ حکومت  میں بنائے گئے تبدیلی مذہب سے متعلق قانون سے  ہے۔ دراصل کرناٹک کی سدارامیا حکومت نے کرناٹک کابینہ کی میٹنگ میں بی جے پی کے دور میں لائے گئے تبدیلی مذہب مخالف قانون کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی کے بی ہیڈگیوار سے متعلق باب کو کرناٹک کے نصاب سے خارج کرنے کے فیصلے کو بھی منظوری دی گئی ہے۔ کرناٹک کے وزیر تعلیم مدھو بنگارپا نے کہا کہ کرناٹک کابینہ نے اسکول کی نصابی کتابوں سے آر ایس ایس کے بانی کے بی ہیڈگیوار اور دیگر سے متعلق ابواب کو ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے (پچھلی حکومت) گزشتہ سال جو بھی تبدیلیاں کی تھیں، ہم نے اسے بدل دیا ہے۔ ساوتری بائی پھولے، اندرا گاندھی کو لکھے نہرو کے خطوط اور بی آر امبیڈکر پر شاعری نصاب میں شامل کی جائے گی۔

کرناٹک میں تبدیلی مذہب مخالف قانون کو منسوخ کر دیا گیا

قانون اور پارلیمانی امور کے وزیر ایچ کے پاٹل نے کہا کہ کرناٹک کابینہ نے سابقہ ​​بی جے پی حکومت کے ذریعہ لائے گئے تبدیلی مذہب مخالف قانون کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم جو بل لا رہے ہیں وہ آئین کے مطابق ہوگا۔ ریاستی کابینہ نے اسکولوں اور کالجوں میں پریئر کے ساتھ آئین کے تمہید کو پڑھنے کو لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کرناٹک کابینہ نے پرانے قانون کو واپس لانے کے لیے ریاست میں اے پی ایم سی ایکٹ میں ترمیم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ آج کابینہ اجلاس میں نصابی کتب پر نظر ثانی  اوررغور وخوض کیا گیا ہے۔

بی جے پی نے کی مخالفت

سدارامیا حکومت کی طرف سے مذہب کی تبدیلی کے فیصلے پر بی جے پی نے سخت بیان جاری کیا ہے۔ کرناٹک کے سابق وزیر تعلیم اور بی جے پی لیڈر بی سی ناگیشور نے کہا کہ وہ (کانگریس) مسلمانوں کے ووٹ چاہتی ہے، سدارامیا کی حکومت ہندوؤں کے خلاف ہے۔ وہ حجاب کو دوبارہ متعارف کروا سکتی ہے۔ وہ اقلیتی ووٹوں کو اپنی طرف متوجہ کرنا چاہتے ہیں اور ہر چیز پر سیاست کرنا چاہتے ہیں۔

بھارت ایکسپریس۔