Bharat Express

Priyanka Gandhi Launches Madhya Pradesh Poll Campaign : پرینگا گاندھی نے مدھیہ پردیش میں انتخابی مہم کا کیا آغاز، کرناٹک کے طرز پر کئے پانچ بڑے وعدے

پرینکا گاندھی نے مدھیہ پردیش میں سرکار بننے پر 100 یونٹ مفت بجلی دینے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے 500 روپئے میں گیس سلینڈر، خواتین کو 1500 روپئے ماہانہ اور کسانوں کی قرض معافی کے ساتھ پرانے پنشن کو بحال کرنے کا وعدہ کیا ۔

جبل پور میں منعقدہ انتخابی ریلی کی تصویریں

Priyanka Gandhi Launches Madhya Pradesh Poll Campaign : کانگریس پارٹی کی قومی جنرل سکریٹری پرینگا گاندھی مدھیہ پردیش کے دورے پر ہیں ۔ آج مدھیہ پردیش کے جبل پور میں انہوں نے ایک ریلی سے خطاب کیا ہے۔ مدھیہ پردیش پہنچنے کے بعد سب سے پہلے پرینگا گاندھی گوری گھاٹ پہنچی جہاں انہوں نے سابق وزیراعلیٰ کمل ناتھ کے ہمراہ نرمدا پوجن کی۔ اس کے بعد انہوں نے ریلی سے خطاب کیا۔ پرینکا گاندھی نے خطاب کے دوران مدھیہ پردیش کی عوام سے پانچ اہم انتخابی وعدے کئے اور ان وعدوں کے ذریعے پرینکا گاندھی نے کسانوں ،خواتین ، متوسط طبقہ اور نوجوانوں کو کانگریس کی طرف لانے کی کوشش کی۔ اس دوران پرینکا گاندھی نے مدھیہ پردیش میں سرکار بننے پر 100 یونٹ مفت بجلی دینے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے 500 روپئے میں گیس سلینڈر، خواتین کو 1500 روپئے ماہانہ اور کسانوں کی قرض معافی کے ساتھ پرانے پنشن کو بحال کرنے کا وعدہ کیا ۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ جہاں جہاں کانگریس کی حکومت ہے وہاں ہم نے اپنا وعدہ پوررا کیا ہے۔ مدھیہ پردیش میں بھی صرف ڈیڑھ سال کانگریس کی سرکار تھی جس دوران 27 لاکھ کسانوں کا 11600کروڑ روپئے کا قرض معاف کیا۔ سوشل سیکورٹی پنشن کو 300 روپئے سے بڑھا کر 600 روپئے کیا۔ ایک کروڑ خاندانوں کو 100 روپئے میں 100 یونٹ بجلی کی سہولت فراہم کی۔ ایک ہزار گئوشالہ کی تعمیراور آدیواسیوں کیلئے 12 ہزار برتن بینک بنوائے۔ یہ سب کانگریس کی سرکار نے مختصر سے مدت کے دوران کرکے دکھایا ہے۔

پرینکا گاندھی نے بی جے پی پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی موجودہ حکومت میں 220 مہینوں میں 225 گھوٹالے ہوئے ہیں ۔ ویاپم گھوٹالہ،اساتذہ بحالی گھوٹالہ، پولیس بحالی گھوٹالہ، کان کنی گھوٹالہ، کورونا گھوٹالہ،بجلی محکمہ کا گھوٹالہ،ای ٹینڈر گھوٹالہ، ٹی وی سیٹ تقسیم گھوٹالہ۔ انہوں نے نرمدا ماں اور ماہاکال کوریڈور کو بھی نہیں چھوڑا۔ سیاست میں بھی مذہب جیسا عقیدہ ہونا چاہیے۔ نیتاوں کے دلوں میں بھی عوام اور ملک کے تئیں ایسی ہی عقیدت ہونی چاہیے۔ جنہوں نے آزادی کی لڑائی لڑی، ان کے دل میں بھی ملک کے تئیں یہی عقیدت تھی۔

انوراگ ٹھاکر نے کیا پلٹ وار

ادھر دوسری جانب پرینکا گاندھی کے مدھیہ پردیش دورے پر بی جے پی نے پلٹ وار کیا ہے ۔ مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے پرینکا گاندھی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ راہل گاندھی نے 2018 مددھیہ پردیش کی عوام سے جو وعدے کئے تھے وہ پورے نہیں ہوئے، راہل گاندھی اب مدھیہ پردیش کی عوام کو منہ دکھانے لائق نہیں ہیں اسی لئے انہوں نے اپنی بہن کو وہاں بھیجا ہے۔ اس بیچ انہوں نے ہماچل پردیش میں کانگریس کے وعدوں کا ذکر کرتے ہوئے راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

بھارت ایکسپریس۔