Bharat Express

Parliament Winter Session: امبیڈکر سے متعلق شاہ کے ریمارکس پر اپوزیشن کا ہنگامہ، راجیہ سبھا اور لوک سبھا کی کارروائی دوپہر 2 بجے تک کے لئے ملتوی

پارلیمانی امور کے وزیر مملکت ارجن رام میگھوال نے کانگریس پر نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ بابا صاحب کی توہین کی اور انہیں انتخابات میں بھی ہرایا۔

 باباصاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے حوالے سے وزیر داخلہ  امت شاہ کے بیان پر کانگریس اور کئی دیگر اپوزیشن جماعتوں نے بدھ کو لوک سبھا میں ہنگامہ کیا، جس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی شروع ہونے کے دو منٹ کے اندر ہی دوپہر دو بجے تک کے لئے ملتوی کر دی گئی۔ ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی اپوزیشن ارکان نے ہنگامہ آرائی شروع کردی۔ انہوں نے ’جئے بھیم‘ کے نعرے لگائے۔

اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ  کے احاطے میں مظاہرہ

 راہل گاندھی سمیت اپوزیشن کے ارکان پارلیمنٹ نے کل راجیہ سبھا میں آئین پر بحث کے دوران مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی تقریر کے خلاف (ریمارکس) احتجاج کیا۔ ارکان پارلیمنٹ نے الزام لگایا کہ مرکزی وزیر داخلہ نے کل اپنی تقریر میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی توہین کی۔

پارلیمانی امور کے وزیر مملکت ارجن رام میگھوال نے کانگریس پر نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ بابا صاحب کی توہین کی اور انہیں انتخابات میں بھی ہرایا۔ انہوں نے کہا، ”ان لوگوں نے ہمیشہ بابا صاحب کی توہین کی ہے۔ ہم نے ہمیشہ ان کی عزت کی۔‘‘

میگھوال نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے بابا صاحب سے متعلق کاموں کی وجہ سے یہ لوگ مجبوری میں بابا صاحب کا نام لے رہے ہیں۔ ایوان میں ہنگامہ جاری رہنے پر لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے صبح 11 بج کر دو  منٹ پر ہی اجلاس دوپہر 2 بجے تک کے لئے   ملتوی کردیا۔

کانگریس اور اپوزیشن پارٹیوں کا الزام ہے کہ  امت شاہ نے منگل کو راجیہ سبھا میں اپنے خطاب کے دوران بابا صاحب کی توہین کی۔ اہم اپوزیشن پارٹی نے شاہ کے خطاب کا ایک ویڈیو کا کچھ حصہ جاری کیا ،جس میں وزیر داخلہ کو اپوزیشن پر طنز کرتے ہوئے یہ کہتے ہو  سنا جا سکتا ہے، ” اب یہ ایک فیشن ہوگیا ہے – امبیڈکر، امبیڈکر…” اگر تم نے اتنا بھگوان کا نام لیتے تو سات جنموں کے لیےسورگ مل جاتا ۔

بھارت ایکسپریس