منی پور معاملے پر راجیہ سبھا میں ہنگامہ برقرار، کارروائی دوپہر 12 بجے تک کے لئے ملتوی
Lok Sabha adjourned till 2 pm and Rajya Sabha till 12 noon:منی پور میں تشدد کے معاملے پر منگل کو راجیہ سبھا میں اپوزیشن ارکان نے ہنگامہ کیا، جس کی وجہ سے ایوان بالا کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک کے لئے ملتوی کر دی گئی۔
لوک سبھا کی کارروائی دو بجے تک کے لئے ملتوی کردی گئی ہے ۔
دہلی سروس بل آج لوک سبھا میں پیش کیا جانا ہے۔ یہ بل آرڈیننس کی جگہ لایا گیا ہے، جس نے مرکز کو دہلی کے نوکرشاہوں کو کنٹرول کرنے کا اختیار دیا ہے۔ اس آرڈیننس کے ذریعے مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو بے اثر کر دیا، جس نے تبادلوں اور تعیناتیوں میں دہلی کی منتخب ریاستی حکومت کے حقوق کی حمایت کی تھی۔
راجیہ سبھا کی کارروائی 11 بجے شروع ہوئی لیکن چیرمین جگدیپ دھنکھڑنے ایوان کے رکن ایودھیا رامی ریڈی کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد دی۔ اس کے بعد انہوں نے ضروری کاغذات ایوان کی میز پر رکھے۔
اس کے بعد چیئرمین نے ایوان میں مسلسل خلل ڈالنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ طرز عمل ایوان بالا کے وقار کے مطابق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہنگامہ آرائی کی وجہ سے “ہم عوام میں ہنسی کاسامان بن رہے ہیں”۔
انہوں نے بتایا کہ آج انہیں کل 16 نوٹس موصول ہوئے ہیں جو مناسب فارمیٹ میں نہیں ہیں، اس لیے انہیں مسترد کر دیا گیا ہے۔
پارلیمنٹ کا مانسون سیشن لائیو: اپوزیشن کے ہنگامے کے درمیان لوک سبھا کی کارروائی دوپہر 2 بجے تک ملتوی
منی پور کے مسئلہ کا ذکر کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ انہوں نے مختصر مدت کی بحث کی اجازت دی تھی اور اس کے لئے 31 جولائی کا وقت مقرر کیا گیا تھا، لیکن ایوان میں ہنگامہ آرائی کی وجہ سے بحث نہیں ہو سکی۔
تعطل کو حل کرنے کے لیے کل مختلف جماعتوں کے ساتھ اپنی میٹنگ کا حوالہ دیتے ہوئے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اراکین اس معاملے پر وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے 2014 میں سینئر ممبر سیتارام یچوری کے مطالبے پر آسن کی طرف سے دیئے گئے انتظامات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ حکومت میں اجتماعی ذمہ داری ہے۔
اس دوران اپوزیشن ارکان نے ہنگامہ کیا اور منی پور معاملے پر نعرے بازی کی۔ وہ وزیراعظم سے ایوان میں آنے کا مطالبہ بھی کر رہے تھے۔
مشتعل اپوزیشن ارکان سے ہنگامہ نہیں کرنے کی اپیل کرتے ہوئے، دھنکھڑنے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ وہ اس سلسلے میں بحث نہیں چاہتے۔
ایوان میں ہنگامہ ختم نہ ہوتا دیکھ کر انہوں نے ایوان کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک کے لئے ملتوی کر دی۔
بھارت ایکسپریس