امت شاہ نے کانگریس پر الزام لگایا کہ وہ اپنے مفادات کے لیے بائیں بازو کی انتہا پسندی کو پنپنے دے رہی ہے
Chhattisgarh: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ہفتہ کے روز کانگریس پر الزام لگایا کہ وہ اپنے مفادات کے لیے بائیں بازو کی انتہا پسندی کو پنپنے دے رہی ہے اور کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت نے اس لعنت کو ختم کرنے کی سمت میں کام کیا ہے۔
انہوں نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی پر بھی طنز کیا اور کہا کہ ان کے علاقوں میں قبائلیوں کے ساتھ صرف رقص کرنے سے ان کی فلاح نہیں ہوگی۔
راہل گاندھی ہفتہ کو رائے پور میں ایک پروگرام میں شرکت کے لیے چھتیس گڑھ میں موجودتھے۔
چھتیس گڑھ کے مہاسمند ضلع کے سراپلی علاقے کے کھرمل ارجندا گاؤں میں قبائلی سماج کی طرف سے منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئےامت شاہ نے درج فہرست قبائل کے مفاد میں مودی حکومت کے اقدامات اور اسکیموں پر بھی روشنی ڈالی۔
شاہ نے کہا، “آج راہل بابا نے چھتیس گڑھ کا دورہ کیا۔ انہوں نے ضرور کچھ کہا ہوگا۔ انہیں بتانا چاہئے کہ چھتیس گڑھ میں ان کی (پارٹی) حکومت نے قبائلیوں کی فلاح و بہبود کے لئے کیا کیا ہے۔ بی جے پی نے چھتیس گڑھ کو بنایا اور ترقی دی۔ اب صرف بی جے پی ہی اسے کرپٹ بھوپیش بگھیل حکومت سے بچائے گی۔
امت شاہ نے کہا، ”راہل بابا، صرف قبائلی اکثریتی علاقوں میں جانے اور قبائلیوں کے ساتھ رقص کرنے سے ان کی بھلائی نہیں ہوگی۔ کانگریس لیڈروں نے قبائلیوں کی زمین چھین لی ہے۔ برسوں تک انہوں نے (کانگریس) بائیں بازو کی انتہا پسندی کو پنپنے دیا۔ مودی حکومت نے اس خطرے کو ختم کرنے کی سمت میں کام کیا ہے۔
بدعنوانی کے معاملے پر کانگریس حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے شاہ نے کہا کہ بھوپیش بگھیل حکومت نے کووڈ کے دوران قبائلیوں میں تقسیم کیے جانے والے چاول کو چوری کیا۔
سینئر بی جے پی لیڈر نے کہا کہ بگھیل چھتیس گڑھ کو کانگریس کا اے ٹی ایم بنانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔لیکن یہ بھگوان رام کا ‘ننہیال ‘ ہے اور ‘ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔’
بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت کی قبائلی بہبود کی اسکیموں پر روشنی ڈالتے ہوئے، شاہ نے کہا کہ پہلے درج فہرست قبائل کے لیے بجٹ 24 ہزار کروڑ روپے تھا، جسے مودی جی کی حکومت نے بڑھا کر 1 لاکھ 19 ہزار کروڑ روپے کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 12 قبائلی برادریوں کو قبائلی زمرہ کا سرٹیفکیٹ دینے کا بل لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں پاس ہوا، اب ان کے بچے کلکٹر، ڈاکٹر اور انجینئر بن سکیں گے۔
بی جے پی لیڈر نے کہا کہ چھتیس گڑھ میں پچھلی رمن سنگھ حکومت نے قبائلیوں کے لیے ریزرویشن کو 20 فیصد سے بڑھا کر 32 فیصد کردیا تھا۔
بھارت ایکسپریس