Bharat Express

PM Modi has immense Love for Urdu Language? وزیر اعظم مودی کو اردو زبان سے بے پناہ محبت، ظفر سریش والا نے کیا بڑا دعویٰ

’ایکسچینج4میڈیا‘ کے زیراہتمام اردوصحافیوں کو اعزاز سے سرفراز کئے جانے کے لئے منعقدہ تقریب میں ظفرسریش والا نے اردو زبان کے مستقبل کے موضوع پر سینئرصحافی بشریٰ خانم کے ساتھ ایک مباحثہ کے دوران کئی سوالوں کا جواب دیا۔

ایکسچینج 4 میڈیا کے ’جشن صحافت‘ تقریب میں ظفر سریش والا اور بشریٰ خانم۔

وزیراعظم نریندرمودی کواردو زبان سے بہت محبت ہے. اس لئے انہوں نے اردوکی ویب سائٹ بنوائی تھی۔ وزیراعظم نے بالی ووڈ اداکارسلمان خان کے والد محمد سلیم صاحب سے کہا تھا کہ میں اردو زبان پڑھ نہیں سکتا ہوں، لیکن مجھے اردو سے بہت محبت ہے. کیونکہ محبت کرنے کے لئے اردوزبان سے اچھی کوئی زبان نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہارمولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے سابق چانسلرظفرسریش والا نے ’جشن صحافت‘ میں مباحثہ (ڈیبیٹ) میں حصہ لیتے ہوئے کیا۔

دہلی کے انڈیا انٹرنیشنل سینٹر(آئی آئی سی) میں ’ایکسچینج4میڈیا‘ کے زیراہتمام اردوصحافیوں کواعزازسے سرفرازکئے جانے کے لئے منعقدہ تقریب میں ظفرسریش والا اردو زبان کے مستقبل کے موضوع پرسینئرصحافی بشریٰ خانم کے ساتھ ایک مباحثہ کے دوران سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میری زبان اردو نہیں ہے، کیونکہ میرا تعلق گجرات سے ہے اورمیری مادری زبان گجراتی ہے تاہم میں اردو زبان کو لکھتا، پڑھتا اوربولتا ہوں۔ مجھے جب اردو یونیورسٹی کا چانسلربنایا گیا تب اخبارات میں سرخی لگائی گئی کہ ایک گجراتی کواردو یونیورسٹی کا چانسلربنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے گھروں سے اردو زبان کو نکال دیا ہے، اس لئے جب ہم پڑھنا لکھنا نہیں جانتے ہیں، تو اردو زبان کیسے زندہ رہ سکتی ہے، اگرہم اب بھی اردو زبان کو زندہ رکھنا چاہتے ہیں توہم ابھی اس پرکام کرکے اس کو زندہ رکھ سکتے ہیں۔

انہوں نے مباحثہ کے دوران سوال اٹھایا کہ اردواخبارات میں مذہبی نظریات یا قرآن واحادیث پیش کئے جانے کی کیا ضرورت ہے؟ لوگ فضائل اعمال پڑھیں گے اور مذہب کی جانکاری کے لئے لوگ علمائے کرام کو سنیں گے۔ آج کا دورسائنس اورٹکنا لوجی کا دور ہے، اس لئے اس کو موڈریٹ کرکے اپنا مستقبل روشن کرسکتے ہیں۔ اردو کے پاس بہت بڑا پلیٹ فارم اب بھی موجود ہے، لیکن ہمیں اپنے گھرسے اردو زبان کے فروغ کے لئے کام کرنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: Urdu Journalists honored by Exchange4Media in Delhi: ایکسچینج 4 میڈیا کی جانب سے 40 انڈر 40 کے اردو صحافیوں کو اعزاز سے سرفراز کیا گیا، دیکھیں پوری فہرست

ایکسچینج 4 میڈیا کی جانب سے اردوصحافیوں کو اعزاز

قابل ذکرہے کہ اردو صحافیوں کے لئے پروگرام کا یہ پہلا ایڈیشن تھا۔ اپنے پہلے ہی سال میں، ایکسچینج 4 میڈیا کو پرنٹ، ٹیلی ویژن اورڈیجیٹل میں نوجوان صحافیوں کی جانب سے 180 سے زیادہ اندراجات موصول ہوئے۔ ان میں سے 80 کے قریب صحافیوں کو مختلف پیرامیٹرزکی بنیاد پر شارٹ لسٹ کیا گیا۔ اس کے بعد 17 جولائی 2023 کو منعقدہ ورچوئل ’جیوری میٹ‘ میں معززجیوری ممبران نے تمام سطحوں پرجائزے کے بعد ان میں سے 40 صحافیوں کو’ای 4 ایم اردوجرنلزم 40 انڈر40‘ کی فہرست کے لئے منتخب کیا، جن کے ناموں کا اعلان آج باضابطہ طور پرکیا گیا۔ واضح رہے کہ ’ایکسچینج4میڈیا‘  کے ذریعہ تیارکردہ ’اردوجرنلزم 40 انڈر40‘ کی فہرست آج یعنی 29 ستمبر 2023 کو منظرعام پرآئی۔ اس پروگرام میں مختلف پینل ڈسکشنزاورمقررین کے خطابات شامل تھے۔

بھارت ایکسپریس۔