Bharat Express

YS Sharmila appointed as President of APCC: آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ کی بہن کو کانگریس نے دی بڑی ذمہ داری، ریاستی صدر بن کربھائی کو ٹکر دیں گی وائی ایس شرمیلا

آندھرا پردیش کے موجودہ وزیراعلیٰ جگن موہن ریڈی کی بہن وائی ایس شرمیلا کو کانگریس نے ریاستی صدر بنایا ہے۔ وہ رودر راجو کی جگہ لیں گی، جنہوں نے ایک دن پہلے ہی اس عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔

آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ جگن موہن ریڈی کی بہن وائی ایس شرمیلا کو کانگریس نے ریاستی صدر بنایا ہے۔

آندھرا پردیش میں کانگریس نے وائی ایس شرمیلا کوبڑی ذمہ داری سونپی ہے۔ انہیں آج 16 جنوری کو آندھرا پردیش کا ریاستی صدر بنایا گیا ہے۔ وہ آندھرا پردیش کے موجودہ وزیراعلیٰ جگن موہن ریڈی کی بہن ہیں۔ وائی ایس شرمیلا رودرراجو کی جگہ لیں گی، جنہوں نے ایک دن پہلے ہی اس عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں وائی ایس شرمیلا نے کانگریس میں شمولیت اختیارکی تھی اوراپنی پارٹی کا کانگریس میں انضمام کردیا تھا۔

تلنگانہ میں کرچکی ہیں کانگریس کی حمایت

وائی ایس شرمیلا نے گزشتہ سال نومبر میں تلنگانہ میں ہوئے اسمبلی انتخابات کے دوران آخری وقت میں کانگریس کو اپنی حمایت دی تھی۔ انہوں نے اپنی پارٹی کے کسی بھی امیدوار کو الیکشن میں اتارنے سے انکار کردیا تھا۔ شرمیلا نے تب کہا تھا کہ تمام سروے اورزمینی حقیقت سے پتہ چلتا ہے کہ ریاست میں کانگریس الیکشن جیت رہی ہے۔ ایسی صورتحال میں اگران کی پارٹی امیدواراتارتی ہے تو ووٹ تقسیم ہوں گے اور اس کا فائدہ بی آرایس کو ملے گا، اس لئے انہوں نے اپنی حمایت کانگریس کو دے دی تھی۔ اس کے بعد سے ہی قیاس آرائی تھی کہ وائی ایس شرمیلا کو کانگریس اس کے بدلے میں کچھ بڑا انعام دے سکتی ہے۔

جگن موہن ریڈی کو گھیرنے کی پوری تیاری

وائی ایس شرمیلا کے کانگریس میں شامل ہونے سے پارٹی کو آندھرا پردیش میں مضبوطی ملے گی۔ شرمیلا آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ جگن موہن ریڈی کی بہن ہیں۔ انہوں نے کانگریس میں شامل ہوتے ہی اپنی پارٹی وائی ایس آرتلنگانہ کانگریس میں انضمام کا بھی اعلان کردیا۔ شرمیلا نے کہا کہ میرے والد کا خواب تھا کہ راہل گاندھی وزیراعظم بنیں، مجھے خوشی ہے کہ میں اس کے لئے کام کروں گی۔ شرمیلا نے کہا کہ انہیں عیسائی کے طور پر منی پور تشدد کی وجہ سے بہت تکلیف ہوئی۔ اگر سیکولرپارٹی اقتدارمیں نہیں ہوگی  تو یہی ہوگا۔

کون ہیں وائی ایس شرمیلا؟

وائی ایس شرمیلا آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ وائی ایس جگن کی بہن ہیں اور متحدہ آندھرا پردیش کے کانگریسی وزیراعلیٰ آنجہانی وائی ایس آر کی بیٹی بھی ہیں۔ سال 2012 متحدہ آندھرا پردیش میں اچانک جگن موہن ریڈی نے کانگریس چھوڑ کروائی ایس آرسی پی کی تشکیل کی۔ ان کے ساتھ 18 اراکین اسمبلی بھی کانگریس سے الگ ہوگئے۔ اس کے کچھ دن بعد جگن موہن ریڈی بدعنوانی میں جیل بھیجے گئے۔ تب ان کی ماں وائی ایس وجیما اوربہن وائی ایس شرمیلا نے نئی پارٹی کو سنبھالا۔ وائی ایس آرسی پی نے الیکشن میں جیت درج کی۔ بعد میں جگن موہن ریڈی وزیراعلیٰ بنے اور یہاں سے دونوں بھائی بہن میں بھی اختلاف ہوا اور پھریہ اختلاف بڑھتا چلا گیا۔ سال 2021 میں وائی ایس شرمیلا نے میڈیا کے سامنے یہ اعتراف کیا کہ ان کے بھائی کے ساتھ ان کے سیاسی اختلافات ہیں۔ جولائی 2021 میں ہی انہوں نے وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی تشکیل کی۔

-بھارت ایکسپریس

Also Read