وزڈم گیٹ وے فاونڈیشن نے سرکردہ شخصیات کو اعزازات سے نوازا۔
نوگانواں سادات: تعلیم کے فروغ، اعلیٰ تحقیق اورادبی دنیا میں غیرمعمولی خدمات کے لئے وزڈم گیٹ وے فاونڈیشن نے سرکردہ شخصیات کو اعزازات سے نوازا۔ تعلیم اور سماجی ترقی کو وقف اس تنظیم کا جلسہ تقسیم انعامات بی بی زہرا ہال میں ہوا۔ تقریب میں اے ڈی ایم امروہہ مایا شنکریادو مہمان خصوصی اورایس ڈی ایم برج پال سنگھ مہمان ذی وقارکے طورپرشریک ہوئے۔
تعلیم اورتحقیق کے شعبے میں دیا جانے والا کرشنن آزاد سمان بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرارضیات اورعلی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جیولوجی شعبے کے سابق چیئرمین پروفیسرمحشر رضا کودیا گیا۔ اسی اعزازسے مشہور وکیل اور انگریزی زبان کی تعلیم میں نمایاں کردار ادا کرنے والے سریندرکمارشرما کومشترکہ طورپرنوازا گیا۔ وہیں ادبی خدمات کے لئے مشہورشاعرگوہرنقوی کونیرمسعود اعزاز سے سرفرازکیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ دوخصوصی اعزازبھی دیئے گئے۔ شہرت انٹرکالج کے سابق پرنسپل سرفرازحسین باس مرحوم کو خراج عقیدت کے طورپردیا جانے والا ایوارڈ ان کے فرزند برقی عباس نے وصول کیا۔ تعلیم کے فروغ میں تین دہائی سے زیادہ عرصے سے سرگرم ماسٹرشبیہ عباس بابرکوسپاس گزاری ایوارڈ دیا گیا۔
اے ڈی ایم مایاشنکریادو نے اپنے خطاب میں تعلیم وتحقیق کے شعبے کی نمایاں ہستیوں کونوازے جانے کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نوجوان نسل کو آگے بڑھنے کی تحریک ملتی ہے۔ انہوں نے تعلیم کوہی ترقی کی کلید بتایا۔ یورپی نشاۃ ثانیہ کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیمی میدان میں غیرمعمولی کامیابیاں ہی انسانی تاریخ میں تبدیلیاں لائی ہیں۔
ایس ڈی ایم برج پال سنگھ نے اپنے خطاب میں تعلیم کی اہمیت پرزوردیا۔ انہوں نے کہا کہ علمی سفرمیں لگن اورتحمل دونوں یکساں طورپر ضروری ہیں۔ وزڈم گیٹ وے فاونڈیشن کے بانی صدرعلی عمران نے کہا کہ جن شخصیات کو ایوارڈس دیئے گئے ان کی کامیابیوں نے نوگانواں سادات ہی نہیں پورے علاقے کا نام روشن کیا ہے۔ ملک کو ترقی یافتہ اورخودانحصار بنانے کے سفر میں نوجوانوں کا کردارسب سے اہم ہے۔ تقریب میں بڑی تعداد میں اساتذہ، علماء، سماجی شخصیات، طلبا اورمختلف شعبوں میں کام کرنے والے سرکردہ افراد نے شرکت کی۔ سیدعلی عمران نے ان سب کا شکریہ ادا کیا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


