اتراکھنڈ کے خان پور سے آزاد رکن اسمبلی امیش کمار۔ (فائل فوٹو)
Lok Sabha Elections 2024: لوک سبھا الیکشن 2024 سے پہلے سیاسی جماعتوں کی گہما گہمی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ سیاسی جماعتیں اس انتخابی جنگ سے پہلے اپنے لئے ماحول بنانے میں مصروف ہیں۔ یہی سرگرمی اتراکھنڈ میں بھی دکھائی دینے لگی ہے۔ اس درمیان، سیاسی حلقوں میں اس بات کی قیاس آرائیاں تیز ہیں کہ خان پور سے آزاد رکن اسمبلی امیش کمارکی اہلیہ بی ایس پی کا دامن تھام سکتی ہیں۔ اس کی تصدیق ایم ایل اے امیش کمار نے خود کی ہے۔
حال کے دنوں میں امیش کمار بی ایس پی کے لیڈران کے ساتھ نظرآئے تھے، جس کے بعد سے یہ قیاس آرائی کی جانے لگی تھیں کہ وہ بھی بی ایس پی کا دامن تھام سکتے ہیں۔ حالانکہ انہوں نے ایسے کسی امکان کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کسی پارٹی میں جانے کا ارادہ نہیں ہے، لیکن ان کی اہلیہ جلد ہی بی ایس پی میں شمولیت اختیار کریں گی۔
ہری دوار لوک سبھا سیٹ پر تیاریوں میں مصروف ہیں امیش کمار
رکن اسمبلی امیش کمار ہری دوار لوک سبھا الیکشن لڑنے سے متعلق زوروشور سے تیاریوں میں مصروف ہیں۔ وہیں بی ایس پی کا دامن تھامنے پر ان کی اہلیہ کو کس سیٹ سے ٹکٹ ملے گا، اس سے متعلق کئی طرح کی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ گزشتہ سال اتراکھنڈ اسمبلی انتخابات میں خان پور سیٹ سے امیش کمار نے آزاد رکن اسمبلی کے طور پر جیت درج کی تھی۔ انہوں نے اس الیکشن میں تقریباً 6,852 ووٹوں سے جیت درج کی تھی۔
-بھارت ایکسپریس