Bharat Express DD Free Dish

مغربی بنگال کے وزیر اعلیٰ شوبھیندو ادھیکاری نے بھوانی پور سیٹ کے ریٹرننگ آفیسر کی سی ایم او میں کی پوسٹنگ، ٹی ایم سی اٹھاتی رہی ہے سوال

مغربی بنگال میں شوبھندو ادھیکاری نے ریاست کے نئے وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔ عہدہ سنبھالتے ہی انہوں نے اپنا کام شروع کردیا۔ پہلی انتظامی تقرری میں، انہوں نے ایک متنازعہ افسرکو سی ایم دفتربلا لیا، جس کی ممتا بنرجی اور ٹی ایم سی مسلسل مخالفت کرتی رہی ہیں۔

مغربی بنگال میں شوبھندوادھیکاری کی قیادت میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی نئی حکومت برسراقتدارآئی ہے۔ وزیراعلیٰ بنتے ہی شوبھندوادھیکاری نے انتظامی تبدیلیاں کرنا شروع کر دیں۔ اپنی پہلی بڑی انتظامی تبدیلی کے طورپر، وزیراعلی نے سرجیت رے کواپنے وزیراعلی دفتر(سی ایم او) میں بلا لیا ہے۔ سرجیت رے نے حال ہی میں ختم ہونے والے اسمبلی انتخابات میں بھوانی پورکے ریٹرننگ آفیسر(آراو) کے طورپرخدمات انجام دیں۔ شوبھیندو ادھیکاری نے اس سیٹ سے ممتا بنرجی کوشکست دی تھی۔

سرجیت رے نے نئی تقرری سے پہلے، مغربی بنگال کی ریاستی حکومت کے ڈائریکٹوریٹ آف لینڈ ریوینیو اورسروے میں ایڈیشنل ڈائریکٹرکے طورپرخدمات انجام دیں۔ ریاستی اسمبلی کے انتخابات کے دوران، انہیں الیکشن کمیشن نے بھوانی پورکے لئے ریٹرننگ آفیسرکے طورپرمقررکیا تھا۔ کولکاتا کی ہائی پروفائل بھوانی پورسیٹ ایک قریبی مقابلہ والی سیٹ تھی۔ ممتا بنرجی اورشوبھندو کے درمیان سخت مقابلے میں، بی جے پی لیڈرنے 15,105 ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی۔

ملزم افسرکے خلاف ممتا اوران کی پارٹی حملہ آور

حالانکہ ممتا بنرجی کی پارٹی ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) ان کے خلاف مسلسل آوازاٹھاتی رہی ہے اور باربار یہ الزام لگایا کہ وہ شوبھیندو ادھیکاری کے بے حد قریبی ہیں اور بی جے پی کے لئے جانبداری سے کام کررہے ہیں۔ یہی نہیں، ان پر بھوانی پور میں ممتا بنرجی کی انتخابی تشہیرکوروکنے کی کوشش کرنے کا بھی الزام لگایا گیا تھا۔ بھوانی سیٹ پر29 اپریل کو ہونے والی ووٹنگ سے پہلے ٹی ایم سی کی طرف سے باربار یہ مطالبہ کیا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن کو سرجیت رے کی جگہ کسی دوسرے غیرجانبدارریٹرننگ آفیسر کا تقرر کیا جانا چاہئے۔ الیکشن کمیشن نے ریاستی حکومت سے سرجیت رے کی جگہ لینے کے لئے تین افسران کے نام کی تجویز بھیجنے کوکہا، لیکن آگے چل کرالیکشن کمیشن نے سرجیت رے کو ہی ریٹرننگ آفیسربنائے رکھنے کا فیصلہ کیا۔

ووٹوں کی گنتی میں گڑبڑی کرنے کا الزام

ووٹوں کی گنتی کے روزبھی ممتا بنرجی اوران کی پارٹی ترنمول کانگریس نے الزام لگایا کہ بی جے پی نے الیکشن کمیشن کے افسران کی مدد سے کاونٹنگ سینٹرپرہیرا پھیری اورگڑبڑیاں کیں، جس کی وجہ سے بھوانی پورمیں شوبھیندوادھیکاری کی جیت ہوئی۔ اب ان کی قیادت میں ریاست میں نئی بی جے پی حکومت کی کمان سنبھالنے کے ٹھیک ایک دن بعد ہی شوبھیندو ادھیکاری نے سرجیت رے کووزیراعلیٰ کے دفترمیں بھیج دیا ہے۔

مغربی بنگال میں بی جے پی کی نئی حکومت نے 2 دن پہلے ہفتہ کے ریٹائرڈ بیورکریٹ سبرت گپتا کو اپنا مشیر مقررکیا۔ سبرت گپتا نے ہی ریاست میں ووٹرلسٹ کے اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) کی نگرانی کی تھی۔ اس کے علاوہ، پرسنل اینڈ ایڈمنسٹریٹوریفارمز(پی اینڈ اے آر) ڈپارٹمنٹ نے مغربی بنگال سول سروس (ڈبلیوبی سی ایس) کے 7 تجربہ کارافسروں کا چیف منسٹرآفس (سی ایم او) میں تبادلہ کیا ہے۔

 بھارت ایکسپریس اردو-



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔