نئی دہلی: ملک میں ممکنہ سیلاب اور شدید گرمی کی لہر سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مرکزی حکومت نے تیاریوں کو مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی سلسلے میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار کو نئی دہلی میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی، جس میں مختلف وزارتوں، قومی آفات انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک بھر میں سیلاب اور ہیٹ ویو سے نمٹنے کے انتظامات، پیشگی انتباہی نظام اور امدادی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ جدید ٹیکنالوجی اور ریئل ٹائم ڈیٹا کے استعمال سے سیلاب کی پیشگوئی اور وارننگ سسٹم کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ قدرتی آفات سے پہلے ہی لوگوں کو بروقت آگاہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بدلتے موسمی حالات کے سبب کئی ریاستوں میں بیک وقت مختلف آفات کا خطرہ بڑھ رہا ہے، اس لیے مربوط حکمت عملی اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ امت شاہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی ہر ریاست میں ”فلڈ کرائسس مینجمنٹ ٹیم“ یعنی ایف سی ایم ٹی تشکیل دی جائے اور انہیں فوری طور پر فعال بنایا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی ممکن ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ رہنما خطوط نے آفات سے نمٹنے کے حوالے سے بہتر بیداری پیدا کی ہے، تاہم ریاستی، ضلعی اور بلدیاتی سطح پر ان ہدایات پر عملدرآمد کا جائزہ لینا بھی ضروری ہے۔
#WATCH | Delhi | Union Home Minister Amit Shah holds a meeting with officials over heat wave and flood management preparations. pic.twitter.com/wXTxqsmiRa
— ANI (@ANI) May 10, 2026
وزیر داخلہ نے این ڈی ایم اے کو ہدایت دی کہ وہ ایک جامع مطالعہ کرے تاکہ یہ معلوم ہوسکے کہ مختلف ریاستیں جنگلات میں لگنے والی آگ، ہیٹ ویو اور سیلاب سے نمٹنے کے لیے مرکزی وزارت داخلہ اور این ڈی ایم اے کی ہدایات پر کس حد تک عمل کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومتوں کے درمیان باہمی رابطہ اور معلومات کا تبادلہ آفات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے انتہائی اہم ہے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ عوامی بیداری مہمات کو مزید وسعت دی جائے تاکہ لوگ قدرتی آفات کے دوران حفاظتی اقدامات سے واقف ہوسکیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ جان و مال کے نقصان کو کم کرنے کے لیے مقامی سطح پر تربیتی پروگرام، ایمرجنسی مشقیں اور کمیونٹی کی شمولیت ضروری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ راحتی سامان، ادویات اور طبی سہولتوں کے مناسب ذخیرے کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی گئی۔
امت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت ”زیرو کیژولٹی ڈیزاسٹر مینجمنٹ“ کے وژن پر کام کررہی ہے، جس کا مقصد قدرتی آفات کے دوران انسانی جانوں کے نقصان کو صفر تک محدود کرنا ہے۔ انہوں نے پانی کے تحفظ اور زمینی آبی سطح کو بہتر بنانے کے لیے ندیوں پر چیک ڈیم تعمیر کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہیٹ ویو کے اثرات سے زرعی شعبے کو کم سے کم نقصان پہنچانا حکومت کی ترجیح ہونی چاہیے۔ ساتھ ہی انہوں نے “کیمپا فنڈ” کے استعمال کو مزید مؤثر اور کثیر جہتی بنانے کی ہدایت دی تاکہ ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کی کوششوں کو تقویت دی جاسکے۔ اجلاس میں متعلقہ حکام نے مختلف ریاستوں کی تیاریوں اور ممکنہ خطرات سے متعلق تفصیلی پریزنٹیشن بھی پیش کی۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
