Bharat Express DD Free Dish

PM Indonesia Visit: ’’میں جکارتہ پہنچ گیا ہوں، ایئرپورٹ پر صدر پربوو سوبیانتو کے استقبال نے دل کو چھولیا‘‘ وزیراعظم مودی کا ایکس پر جذباتی پوسٹ

وزیر اعظم مودی کا یہ تین روزہ سرکاری دورہ دونوں ممالک کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کا جائزہ لینے اور اسے مزید مستحکم کرنے کے مقصد سے کیا جا رہا ہے۔ انڈونیشیا آسیان خطے میں بھارت کا دوسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ مالی سال 2025-26 کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت 24.78 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئی، جبکہ 130 سے زیادہ بھارتی کمپنیاں انڈونیشیا کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔

جکارتہ: وزیراعظم نریندر مودی نے پیر کے روز انڈونیشیا پہنچنے پر صدر پربوو سوبیانتو کی جانب سے ہوائی اڈے پر کیے گئے پرتپاک استقبال کو دل کو چھو لینے والا قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنما مختلف شعبوں میں دوطرفہ شراکت داری کو مزید رفتار دینے کے لیے اہم بات چیت کریں گے۔ اپنے تین ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں انڈونیشیا پہنچنے پر وزیراعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا: ’’میں جکارتہ پہنچ گیا ہوں۔ ہوائی اڈے پر صدر پربوو سوبیانتو کے استقبال کے جذبے نے مجھے بے حد متاثر کیا۔ 2018 میں ہم نے اپنے تعلقات کو جامع اسٹریٹجک شراکت داری تک پہنچایا تھا، جس سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ ہوا ہے۔‘‘

جامع شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ

وزیراعظم مودی نے کہا کہ اس دورے کے دوران وہ صدر پربوو سوبیانتو کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تبادلۂ خیال کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ صدر پربوو کے ہمراہ یوگیاکارتا میں واقع تاریخی پرمبانن مندر کا بھی دورہ کریں گے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔ اس کے علاوہ وہ انڈونیشیا میں مقیم بھارتی برادری سے بھی ملاقات کریں گے۔  وزیر اعظم مودی کے انڈونیشیا کی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی انڈونیشیائی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے ان کے خصوصی طیارے کو اعزازی حصار میں لے کر فضائی سلامی پیش کی۔ جکارتہ پہنچنے پر انہوں نے روایتی ثقافتی رقص کا مظاہرہ بھی دیکھا۔

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا بھی دورہ

6 سے 11 جولائی تک جاری رہنے والے اپنے تین ملکی دورے کے دوران وزیر اعظم مودی انڈونیشیا کے بعد آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا بھی دورہ کریں گے۔ روانگی سے قبل اپنے بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ انڈونیشیا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقاتوں سے اسٹریٹجک، اقتصادی اور عوامی روابط کو مزید فروغ ملے گا، جبکہ بھارت کی ’’ایکٹ ایسٹ پالیسی‘‘، ’’مہاساگر وژن‘‘ اور آزاد و کھلے ہند-بحرالکاہل کے تصور کو مزید تقویت حاصل ہوگی۔

تجارت، معدنیات اور سرمایہ کاری پر بھی بات چیت

وزیر اعظم مودی کا یہ تین روزہ سرکاری دورہ دونوں ممالک کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کا جائزہ لینے اور اسے مزید مستحکم کرنے کے مقصد سے کیا جا رہا ہے۔ انڈونیشیا آسیان خطے میں بھارت کا دوسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ مالی سال 2025-26 کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت 24.78 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئی، جبکہ 130 سے زیادہ بھارتی کمپنیاں انڈونیشیا کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ دورے کے دوران نکل، تانبہ، باکسائٹ اور ٹن جیسے اہم معدنی وسائل کے شعبے میں تعاون کو بھی خصوصی اہمیت دی جائے گی، کیونکہ انڈونیشیا دنیا کے تقریباً 21 فیصد نکل کے ذخائر کا مالک ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read