Bharat Express

TMC MP Mimi Chakraborty Resigns: اداکارہ ممی چکرورتی نے دیا استعفیٰ، لوک سبھا الیکشن سے پہلے ممتا بنرجی کو لگا بڑا جھٹکا

ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ ممی چکرورتی نے ممتا بنرجی کو اپنا استعفیٰ سونپا ہے۔ وہ مغربی بنگال کے جادو پور سے رکن پارلیمنٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میرے لئے نہیں ہے۔

ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ ممی چکرورتی نے ممتا بنرجی کو اپنا استعفیٰ سونپ دیا ہے۔

ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ ممی چکرورتی نے اپنے انتخابی حلقے میں پارٹی کی مقامی قیادت پرناراضگی ظاہرکرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق انہوں نے اپنا استعفیٰ دے دیا ہے۔ 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں ممی چکرورتی نے جادوپور سیٹ سے جیت حاصل کی تھی۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ ترنمول کانگریس کی سربراہ اور مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کو پیش کردیا ہے۔

ممی چکرورتی نے کہا کہ ‘جادوپور کے لئے میرا خواب تھا، لیکن مجھے بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑا، جب کوئی فلمی پس منظرسے آتا ہے تواسے یہ کہہ کر بدنام کرنا بہت آسان ہوتا ہے کہ وہ کام نہیں کرتا’۔ ان کا کہنا تھا کہ ’میں سیاست کی باریکیوں کو نہیں سمجھتی، جب میں لوگوں تک پہنچی تومجھے لگا کہ شاید بہت سے لوگوں نے اسے پسند نہیں کیا ہوگا یا شاید ان میں سے کچھ نے اسے پسند کیا ہوگا۔

ممی چکرورتی کا کہنا ہے کہ ‘سیاست میرے لئے نہیں ہے، اگر آپ کسی کی مدد کررہے ہیں توآپ کوسیاست میں کسی کو پروموٹ کرنا ہوگا، میں سیاست دان ہونے کے ساتھ ساتھ ایک اداکارہ کے طورپربھی کام کرتی ہوں، اگرآپ سیاست میں آتی ہیں تو آپ کا فیصلہ کیا جاتا ہے کہ کیا آپ کام کرتے ہیں یا نہیں؟”

ٹی ایم سی لیڈراوراداکارہ ممی چکرورتی نے کہا “میں نے اپنی پریشانیوں سے متعلق وزیراعلیٰ ممتا بنرجی سے بات کی ہے۔ میں نے سال 2022 میں بھی انہیں رکن پارلیمنٹ کے عہدے سے اپنا استعفیٰ سونپا تھا، لیکن اس وقت انہوں نے اسے مسترد کردیا تھا۔ وہ جو کہیں گی، اس کے بعد میں آگے کا عمل مکمل کروں گی۔”