Bharat Express DD Free Dish

Threat of Cyclone ‘Akwan’: سمندری طوفان ’اکوان‘ کا خطرہ، اوڈیشہ حکومت نے 2.04 لاکھ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی تیاری کی

اوڈیشہ اسپیشل ریلیف کمشنر (ایس آر سی) نے ایک آفیشل بیان میں بتایا کہ منگل کی شام یہ طوفان مزید شدت اختیار کرکے ’شدید سمندری طوفان‘ میں تبدیل ہوگیا ہے۔ امکان ہے کہ 19 نومبر کی صبح تک اس کی شدت مزید بڑھ جائے گی اور یہ ’انتہائی شدید سمندری طوفان‘ کی شکل اختیار کرلے گا۔

بھوبنیشور: خلیج بنگال میں بننے والے سمندری طوفان ’اکوان‘ کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کے لیے اوڈیشہ حکومت نے تیاریاں تیز کردی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے آٹھ اضلاع کے حساس علاقوں سے 2 لاکھ 4 ہزار 70 افراد کی نشاندہی کی ہے، جنہیں ضرورت پڑنے پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاسکتا ہے۔

شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہونے کا خدشہ

اوڈیشہ اسپیشل ریلیف کمشنر (ایس آر سی) نے ایک آفیشل بیان میں بتایا کہ منگل کی شام یہ طوفان مزید شدت اختیار کرکے ’شدید سمندری طوفان‘ میں تبدیل ہوگیا ہے۔ امکان ہے کہ 19 نومبر کی صبح تک اس کی شدت مزید بڑھ جائے گی اور یہ ’انتہائی شدید سمندری طوفان‘ کی شکل اختیار کرلے گا۔ توقع ہے کہ یہ 20 نومبر کی دوپہر کے آس پاس نیلور اور ٹونی کے درمیان آندھرا پردیش-یانم کے ساحل سے ٹکرائے گا۔

کئی اضلاع میں شدید بارش کا الرٹ جاری

ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے 18 اور 19 نومبر کے لیے گنجام، گجپتی، پوری اور آس پاس کے اضلاع میں شدید بارش کے پیش نظر ’یلو الرٹ‘ جاری کیا ہے۔ 19 اور 20 نومبر کے لیے کیندرپاڑا، جگت سنگھ پور، گجپتی، گنجام اور پوری اضلاع میں شدید سے بہت شدید بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے ’اورنج الرٹ‘ جاری کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ 20 اور 21 نومبر کے لیے رائے گڑھ، کوراپٹ، ملکان گری، گجپتی اور گنجام اضلاع میں، جب کہ 21 اور 22 نومبر کے لیے سندر گڑھ، جھارسوگوڑا، بر گڑھ، نوپاڑا، نبرنگ پور اور کوراپٹ اضلاع کے لیے بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

87 حساس بلاکس اور 1902 مقامات کی نشاندہی

ریاست کے آٹھ اضلاع میں مجموعی طور پر 87 حساس بلاکس اور 1902 حساس مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ خصوصی راحت کمشنر کے دفتر نے بتایا، ’’ضلعی انتظامیہ نے موسم کی حقیقی صورتحال اور مقامی خطرات کے جائزے کی بنیاد پر 2 لاکھ 4 ہزار 70 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے نشان زد کیا ہے۔ ان میں گنجام کے 1 لاکھ 21 ہزار 597، گجپتی کے 25 ہزار، پوری کے 24 ہزار 76، کندھمال کے 10 ہزار 240 اور ملکان گری کے 10 ہزار افراد شامل ہیں۔‘‘

3329 سائیکلون شیلٹرز کی نشاندہی

دفتر کے مطابق منگل تک کندھمال سے 262 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا تھا۔ انتظامیہ نے ان آٹھ اضلاع میں 3329 سمندری طوفان سے بچاؤ کے مراکز (سائیکلون شیلٹرز) کی نشاندہی کی ہے، جن میں سے فی الحال چار مراکز فعال ہیں اور ان میں 276 افراد قیام پذیر ہیں۔

حاملہ خواتین اور بزرگوں کو ترجیح دینے کی ہدایت

ضلعی کلکٹروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان امدادی مراکز میں کھانے، پینے کے صاف پانی، صفائی ستھرائی، روشنی، طبی سہولیات اور بجلی کے متبادل انتظامات کو یقینی بنائیں۔ محفوظ مقامات پر منتقل کیے جانے کے لیے نشان زد 2573 حاملہ خواتین میں سے 92 کو پہلے ہی منتقل کیا جاچکا ہے۔

حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرتے وقت حاملہ خواتین، بچوں، بزرگوں اور معذور افراد کو ترجیح دی جائے۔ اس کے علاوہ ساحلی، نشیبی، سیلاب کے خطرے والے اور زمین کھسکنے کے خدشات سے دوچار علاقوں میں رہنے والے افراد کو بھی ترجیحی بنیاد پر محفوظ مقامات پر پہنچانے کا انتظام کیا جائے۔

بھارت ایکسپریس۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read