کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی۔ (تصویر: اے این آئی)
Congress Adhiveshan: چھتیس گڑھ کی راجدھانی رائے پور میں کانگریس کا 85واں کنونشن چل رہا ہے۔ کانگریس کنونشن میں سونیا گاندھی، پرینکا گاندھی سمیت کئی بڑے لیڈران یہاں موجود رہے۔ اس دوران کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی نے بی جے پی اور آرایس ایس پر تنقید کرتے ہوئے کئی باتیں کہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا ان کی سیاسی اننگ کا خاتمہ ہوسکتا ہے۔
کانگریس کے سابق صدر نے کہا، ۔2004 اور 2009 میں ہماری جیت کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر منموہن سنگھ کی قیادت نے مجھے انفرادی اطمینان دیا، لیکن مجھے سب سے زیادہ خوشی اس بات کی ہے کہ میری اننگ بھارت جوڑو یاترا کے ساتھ ختم ہوئی، جو کانگریس کے لئے ایک اہم موڑ ثابت ہوئی۔۔
بی جے پی اور آرایس ایس پر بولا حملہ
کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی نے بی جے پی پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا “یہ خصوصی طور پر ملک کے لئے ایک پُرچیلنج وقت ہے، کیونکہ وزیراعظم مودی اور بی جے پی نے ہرایک ادارے پر مسلسل قبضہ کر رکھا ہے۔ یہ کسی بھی مخالفت کی آواز کو بے رحمی سے خاموش کردیتا ہے۔ ہم میں سے ہرایک کی پارٹی اور ملک کے تئیں خصوصی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بی جے پر مزید حملہ بولتے ہوئے کہا کہ آج ملک اور کانگریس کے لئے پُرچیلنج وقت ہے۔ دلتوں، اقلیتوں، خواتین کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے اور حکومت کچھ صنعت کاروں کا ساتھ دے رہی ہے۔
کانگریس نے جمہوریت کو مضبوط کیا ہے: سونیا گاندھی
سونیا گاندھی نے کہا کہ کانگریس ایک سیاسی پارٹی ہی نہیں بلکہ ہم ایک گاڑی ہیں، جس کے ذریعہ لوگ مساوات، آزادی اور انصاف کے لئے لڑتے ہیں۔ ہم لوگوں کی آواز کو آگے بڑھاتے ہیں، لوگوں کے خواب پورے کرتے ہیں۔ ہمارا راستہ آسان نہیں ہے، لیکن ہم ضرور جیتیں گے۔ کانگریس نے جمہوریت کو مضبوط کیا۔ راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا پر انہوں نے کہا کہ انہوں نے مشکل یاترا کو ممکن کیا ہے۔ اس نے عوام کے ساتھ کانگریس کا رشتہ مضبوط کیا ہے۔ کانگریس نے کمر کس لی ہے کہ ملک بچانے کے لئے لڑائی لڑیں گے۔ کانگریس ملک کے مفاد کے لئے لڑائی لڑے گی۔