Bharat Express

AAP سے الائنس کرانے میں ادا کیا اہم کردار، کیجریوال کی گرفتاری پر سب سے پہلے پہنچے… سنجے سنگھ نے بتایا کیوں بدل گئے اروندر سنگھ لولی؟

اروندرسنگھ لولی کا کہنا ہے کہ دہلی کانگریس اس الائنس کے خلاف تھی۔ عام آدمی پارٹی نے کانگریس کے خلاف جھوٹے، من گھڑت، بدنیتی پرمبنی بدعنوانی کے الزام لگائے اور وہ اسی بنیاد پربنی تھی۔ اس کے باوجود بھی کانگریس نے دہلی میں اس کے ساتھ الائنس کیا۔

سنجے سنگھ نے اروندر سنگھ لولی کے الزامات سے متعلق جواب دیا ہے۔ (فائل فوٹو)

Sanjay Singh On Arvinder Singh Lovely: دہلی کانگریس صدرعہدے سے اروندرسنگھ لولی کے استعفیٰ نے اتوارکوقومی دارالحکومت کی سیاست میں سنسنی پھیلا دی ہے۔ لوک سبھا الیکشن میں انتخابی تشہیر کے درمیان ہوئے اس استعفیٰ سے متعلق عام آدمی پارٹی نے پیرکے روز کہا کہ یہ کانگریس کا اندرونی معاملہ ہے۔

قابل ذکرہے کہ اروندرسنگھ لولی نے اپنے استعفیٰ والے خط میں عام آدمی پارٹی سے الائنس کی مخالفت کی ہے۔ اس کو لے کرعام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے کہا کہ الائنس بنانے میں ان کا رول کافی اہم رہا تھا۔ سنجے سنگھ نے کہا، ”ان کا میں شکریہ ادا کرتا ہوں کہ دہلی میں انڈیا الائنس بنانے میں ان کا بڑا کردار رہا ہے۔ وزیراعلیٰ کی گرفتاری ہو رہی تھی تو کانگریس سے سب سے پہلے اروندرسنگھ لولی ہی پہنچے تھے، اب کس لئے وہ ایسا بول رہے ہیں وہ جانیں۔”

دہلی کانگریس صدر کے استعفیٰ اور اس کے بعد کی سرگرمیوں پرسنجے سنگھ نے کہا، ”یہ کانگریس کا اندرونی معاملہ ہے، وہ لوگ اس کا نوٹس لے رہے ہوں گے… ہمیں انتظار کرنا چاہئے۔ یہ الیکشن عوام لڑ رہی ہے، دہلی میں بھی اور ملک میں بھی۔ لوگ من بنا چکے ہیں کہ جیل کا جواب ووٹ سے دیں گے۔”

اروندر سنگھ لولی نے کیا کہا؟

کانگریس صدرملیکا ارجن کھڑگے کو ہفتہ کو بھیجے گئے استعفیٰ نامہ میں اروندرسنگھ لولی نے کہا، ”کانگریس کی دہلی یونٹ عام آدمی پارٹی سے الائنس کے خلاف تھی، لیکن پارٹی اعلیٰ کمان نے الائنس کو منظوری دے دی۔”

قابل ذکرہے کہ شیلا دکشت کی سرکار میں وزیر رہے اروندرسنگھ لولی کو گزشتہ سال اگست میں دہلی کانگریس کا صدر نامزد کیا گیا تھا۔ وہ 2013 سے 2015 تک بھی یہ ذمہ داری انجام دے چکے ہیں۔ حالانکہ بیچ میں وہ بی جے پی میں چلے گئے تھے، لیکن کچھ دنوں کے بعد وہ کانگریس میں واپس آگئے تھے۔

 بھارت ایکسپریس۔

Also Read