Bharat Express DD Free Dish

Ram Mandir Donation Controversy: پارلیمنٹ میں چندے کے بوری لے کرپہنچی سماجوادی پارٹی، اب تک جمع ہوئے ایک لاکھ 57 ہزار، ہنومان مندر میں جمع کرانے کا منصوبہ

سماج وادی پارٹی نے چندہ کی چوری سے متعلق آج ایک بارپھر پارلیمنٹ احاطے میں انوکھا احتجاج کیا۔ ممبران پارلیمنٹ چندے کی بوری لے کرآج پارلیمنٹ پہنچے۔ احتجاج کے دوران ایس پی ایم پی ڈمپل یادو نے کہا، “یہ لوگ سناتن دھرم کی بات کرتے تھے، لیکن انہوں نے آستھا (عقیدت) کے نام پرچوری کی ہے۔”

نئی دہلی: پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے 18ویں دن آج ایک بارپھرسماجوادی پارٹی سمیت اپوزیشن پارٹیوں کے اراکین پارلیمنٹ نے رام مندرکے چندے میں مبینہ بے ضابطگی اورطلبا پر لاٹھی چارج کے خلاف انوکھے اندازمیں احتجاج کیا۔ سماجوادی پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ آج چندے کی بوری لے کرپارلیمنٹ کے احاطے میں پہنچے اورحکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ اس موقع پرسماجوادی پارٹی کی رکن پارلیمنٹ ڈمپل یادو نے کہا کہ اس حکومت کی گزشتہ 10 برسوں میں ایک خاص بات رہی ہے کہ بدعنوانی ہرشعبے میں بری طرح داخل ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے لوگ سناتن دھرم کی بات کرتے تھے، لیکن انہوں نے عقیدت اورآستھا کے معاملے میں بھی چوری کرنے کا کام کیا ہے۔

چندہ ہنومان مندرمیں جمع کرانے کا اعلان

سماجوادی پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ نے بتایا کہ رام مندرکے معاملے پراب تک پارلیمنٹ میں ایک لاکھ 57 ہزارروپئے چندہ جمع کیا جا چکا ہے۔ اس رقم کومانسون اجلاس ختم ہونے کے بعد کل کناٹ پلیس واقع ہنومان مندرمیں جمع کرایا جائے گا۔ احتجاج کے دوران سماجوادی پارٹی کے لیڈراوراراکین پارلیمنٹ چندے کی بوری، بینراورپوسٹرلے کرحکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے نظرآئے۔ مظاہرین نے’چندہ چور‘ اور’دودھ کا دودھ، پانی کا پانی‘ جیسے نعرے بھی لگائے۔ اپوزیشن پارٹیاں اس معاملے پرپارلیمنٹ کے اندرتفصیلی بحث کرانے اوررام مندرکے چندے کے حساب کتاب میں مکمل شفافیت کا مطالبہ کررہی ہیں۔ اس سے ایک روزقبل منگل کوبھی سماجوادی پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ دان پیٹی لے کرپارلیمنٹ پہنچے تھے اورچندہ جمع کیا تھا۔

سادھوکا بھیس اختیارکرکے پپویادونے جمع کیا تھا چندہ

اس سے قبل 31 جولائی کوپورنیہ کے رکن پارلیمنٹ پپویادونے بھی پارلیمنٹ کے باہرانوکھے اندازمیں احتجاج کیا تھا۔ وہ سادھوکا بھیس اختیارکرکے دان پیٹی لے کر پارلیمنٹ پہنچے تھے۔ انہوں نے علامتی طورپرسادھو سنتوں کا لباس پہن کررام مندر میں مبینہ گھوٹالے کے خلاف علامتی احتجاج کیا اور لوگوں سے چندہ جمع کیا۔ اس احتجاج میں اپوزیشن کے کئی دیگراراکین پارلیمنٹ بھی موجود تھے۔ پپویادوکی جانب سے کئے گئے اس مظاہرے کے دوران کانگریس لیڈرراہل گاندھی نے بھی دان پیٹی میں چندہ ڈال کراحتجاج میں حصہ لیا تھا، جبکہ اپوزیشن کے دیگرلیڈران پس منظرمیں حکومت کے خلاف نعرے لگاتے نظر آئے تھے۔ واضح رہے کہ اپوزیشن پارٹیاں رام مندرکے چندے اورمبینہ چڑھاوے کی چوری کے معاملے پرپارلیمنٹ میں بحث کا مطالبہ کررہی ہیں۔ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں چندے کی رقم اوراس کے استعمال سے متعلق مکمل شفافیت ہونی چاہیے۔

بھارت ایکسپریس اردو-



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read