کانگریس لیڈر راہل گاندھی۔ (Image Source :PTI)
Lok Sabha Elections Result 2024: لوک سبھا الیکشن 2024 کے نتائج نے بڑا جھٹکا دیا ہے، کیونکہ بی جے پی 400 سیٹیں جیتنے کا دعویٰ کررہی تھی، لیکن جب نتائج آئے توبی جے پی 240 سیٹوں پرہی جیت حاصل کرپائی۔ سب سے بڑا جھٹکا بی جے پی کو ایودھیا میں لگا۔ فیض آباد لوک سبھا سیٹ پرسماجوادی پارٹی کے اودھیش پرساد نے بی جے پی کے للّو سنگھ کو ہرا دیا۔ اب کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ایودھیا میں بی جے پی کی ہار کی وجہ بتائی ہے۔
کیرلا کے وائناڈ کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے عوامی جلسے کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نریندرمودی نے گزشتہ دس سالوں میں ایک طبقے کو دوسرے طبقے سے لڑانے کا کام کیا ہے۔ الیکشن میں مودی جی آئین کو ختم کرنے کی بات کر رہے تھے، لیکن ملک کی عوام نے ان کو جواب دیا ہے۔ مودی صرف اڈانی اورامبانی کے لئے کام کرتے ہیں، وہ ملک کے غریبوں کے لئے کام نہیں کرتے ہیں۔
راہل گاندھی نے بتائی بی جے پی کی ہارکی وجہ
راہل گاندھی نے کہا، ”بی جے پی ایودھیا میں ہارگئی، وہ اترپردیش میں ہارگئے۔ وہ ہارگئے کیونکہ وہ ہندوستان کے نظریے پرحملہ کررہے تھے۔ ہمارے آئین میں ہندوستان کو ریاستوں کا یونین کہا گیا ہے۔ ہندوستان ریاستوں، زبانوں، تاریخ، تہذیب، مذہب اور روایات کا ایک یونین ہے۔ آپ سبھی نے تصویر دیکھی ہوگی کہ نریندر مودی نے آئین کو اپنی پیشانی سے لگا رکھا ہے۔ یہ ملک کی عوام نے کروایا ہے۔ ملک کے وزیراعظم کوعوام نے پیغام دیا ہے کہ آپ آئین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہیں کرسکتے۔”
#WATCH | At a public meeting in Kerala’s Wayanad, Congress leader Rahul Gandhi says, “BJP lost in Ayodhya, they lost in Uttar Pradesh. They lost because they were attacking the idea of India. In our constitution, India is called a union of states. India is a union of states,… pic.twitter.com/cFk5gaXOtk
— ANI (@ANI) June 12, 2024
راہل گاندھی نے میڈیا پربھی طنز کیا
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے مزید کہا کہ جب الیکشن شروع ہوا تو بی جے پی کی حمایت کرنے والی میڈیا نے کہا کہ انہیں 400 سیٹیں ملیں گی۔ وزیراعظم خود 400 پار کہہ رہے تھے۔ ان کے سبھی سینئرلیڈران 400 پار کی بات کررہے تھے۔ ایک ماہ کے بعد وہ 300 پار کہنے لگے۔ کچھ وقت بعد ‘200 پار’ اور سبھی نے الیکشن کے نتائج دیکھے۔ یہ کوئی عام الیکشن نہیں تھا۔ انڈیا الائنس کے خلاف پورا میڈیا تھا۔ سی بی آئی، ای ڈی اور پورا انتظامیہ ہمارے خلاف تھا۔ الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کے حق میں انتخابی خاکہ تیارکرلیا۔ تمام ترکوششوں کے باوجود وزیراعظم وارانسی میں بمشکل شکست سے بچ سکے۔ بی جے پی ایودھیا میں بھی ہاری، وہ اتر پردیش میں بھی ہارگئی۔
بھارت ایکسپریس۔