مہاراشٹر کے کسبا اسمبلی حلقہ میں کانگریس نے بی جے پی کو ہرا دیا ہے۔
BJP Candidate Hemant Rasane On Pune Bypoll Result: مہاراشٹر میں برسراقتدار بی جے پی کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ پنے کی کسبا پیٹھ ضمنی انتخابات کے نتائج سامنے آچکے ہیں۔ اس سیٹ پر کانگریس امیدوار رویندر دھنگیکرنے 11,040 ووٹوں سے جیت حاصل کی ہے۔ بی جے پی کے گڑھ میں یہ کانگریس کی تاریخی جیت ہے۔ بی جے پی کے روایتی انتخابی حلقہ میں کانگریس کے رویندر دھنگیکر نے بی جے پی امیدوار ہیمنت رسانے کو ہرا دیا ہے۔ اس سے جہاں ایک طرف مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) میں خوشی کی لہر دیکھنے کو مل رہی ہے۔ وہیں دوسری طرف اپنی اس شکست پر بی جے پی امیدوار ہیمنت رسانے نے اپنی شکست پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔
کسبا کے بی جے پی امیدوارہیمنت رسانے نے اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا، ‘میں امیدوارکے طور پرپیچھے رہ گیا۔ مجھے یہ نتیجہ قبول ہے۔ کسبا میں گزشتہ کچھ دنوں سے بی جے پی امیدوارہیمنت رسانے اور کانگریس کے رویندر دھنگیکر کے درمیان کانٹے کی ٹکر تھی۔ آج ووٹنگ کی شروعات سے ہی کانگریس امیدوار رویندر دھنگیکر آگے چل رہے تھے۔ صرف ساتویں راؤنڈ میں ہیمنت رسانے آگے چل رہے تھے، لیکن اس کے بعد کے سبھی راؤنڈ میں وہ پیچھے رہ گئے۔
Maharashtra | MVA candidate (from Congress) Dhangekar Ravindra Hemraj collects his winning certificate as he wins Kasba Peth assembly by-election. pic.twitter.com/ueE5croycL
— ANI (@ANI) March 2, 2023
بی جے پی نے چنچواڑ اور کسبا ضمنی اسمبلی انتخابات کی تشہیر کے لئے اپنی پوری طاقت جھونک دی تھی۔ ان کے لئے پوری کابینہ نے انتخابی تشہیر کی تھی۔ پنے میں وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے، نائب وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس اور کئی مرکزی وزرا نے انتخابی تشہیر کی تھی۔ حالانکہ ضمنی الیکشن کے نتائج کی بات کریں تو ہیمنت رسانے کو اس کا فائدہ نہیں ملا۔ 28 سالوں کے بعد کانگریس نے بی جے پی کے روایتی انتخابی حلقہ پرقبضہ کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے کسبا پیٹھ ضمنی الیکشن میں تشہیر کے لئے روڈ شو کیا تھا۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ یہاں بی جے پی کی جیت ہوگی۔ اس روڈ شو کے بعد ایکناتھ شندے نے مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) پرحملہ کیا تھا۔ دوسری جانب، ایم وی اے نے بھی رویندر دھنگیکر کی جیت کے لئے اپنی پوری طاقت لگا دی۔ مہا وکاس اگھاڑی کے عظیم لیڈراس انتخابی مہم میں شامل ہوئے تھے۔ آدتیہ ٹھاکرے کا روڈ شو بھی ہوا تھا۔ اس دوران دونوں پارٹیوں کے لیڈران اور کارکنان نے روڈ شو، پدیاترا، پاورشو اور گھرگھر جانے پر زور دیا تھا۔
-بھارت ایکسپریس