Bharat Express

پپو یادوکو ملے گی کانگریس میں بڑی ذمہ داری! تیجسوی یادو کے ساتھ خراب رشتے کو کیسے ٹھیک کریں گے پورنیہ کے ایم پی؟

بہار کے پورنیہ سے آزاد امیدوار کے طور پرجیت حاصل کرنے والے راجیش رنجن عرف پپو یادو کو بڑی ذمہ داری مل سکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق، کانگریس پارٹی پپو یادو کو جلد ہی بہارکا ریاستی صدر بنانے کا اعلان کرسکتی ہے۔

لوک سبھا الیکشن 2024 میں شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کانگریس کے حوصلے بلند ہیں۔ اب کانگریس کی نظراسمبلی انتخابات پر ہے۔ اسی درمیان کانگریس نے بہارمیں پارٹی کی تنظیم کو مضبوط کرنے کے لئے بڑا پلان تیارکیا ہے۔ اسی ضمن میں بہارکے پورنیہ سے آزاد امیدوارکے طور پرجیت حاصل کرنے والے راجیش رنجن عرف پپویادوکو بڑی ذمہ داری مل سکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق، کانگریس پارٹی پپویادوکو جلد ہی بہارکا ریاستی صدر بنانے کا اعلان کرسکتی ہے۔

پپویادو سے بھارت ایکسپریس نے خاص بات چیت کی، جس کا ویڈیوآپ بھی دیکھ سکتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگرتیجسوی یادو کی ہٹ دھرمی نہ ہوتی توآج راہل گاندھی وزیراعظم ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ آرجے ڈی لیڈرتیجسوی یادو نے جے ڈی یوسے ہاتھ ملا لیا تھا اورانہوں نے صحیح سے کام نہیں کیا، اس کی وجہ سے یہ نتائج سامنے آئے ہیں۔ پپویادو نے کہا کہ اگرکانگریس ذمہ داری دیتی ہے تو اس کی تنظیم (سنگٹھن) کو مضبوط کرنے کا کام کروں گا۔  پپویادو نے کہا کہ ہمارے خلاف آرجے ڈی نے جو ماحول بنایا، اس کا کئی سیٹوں پرنقصان ہوا ہے۔ انہوں نے سابق رکن پارلیمنٹ مرحوم شہاب الدین کی اہلیہ حنا شہاب اورکنہیا کمار کا نام لے کرکہا کہ تیجسوی یادو نے انہیں جان بوجھ کرٹکٹ نہیں دیا، اس لئے ان کو ملک معاف نہیں کرے گا۔

پورنیہ کے رکن پارلیمنٹ پپویادو نے بی جے پی پرایک بار پھربڑا حملہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم مودی کیوں ڈرے ہوئے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ان کا تکبرنظرآرہا ہے، وہ نتیش کمار، جینت چودھری، چراغ پاسوان، پشوپتی پارس، چندرا بابونائیڈو، اجیت پوار، ایکناتھ شندے کو لے کرآئے اوروہ جیوی نہیں ہیں۔ کانگریس کو پرجیوی کہہ رہے ہیں۔ انہوں نے متعدد موضوعات پرالزام لگاتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت اصل موضوعات پر بات نہیں کرنا چاہتی ہے، اس لئے وہ موضوعات کو بھٹکاتی رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی جی کے پاس نہرو اورکانگریس چالیسا کے علاوہ کوئی موضوع نہیں ہے۔ پپویادونے یہ بھی کہا کہ راہل گاندھی اورپرینکا گاندھی ڈرنے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے راہل گاندھی کے ہندو والے بیان پربھی بی جے پی پرپلٹ وارکرتے ہوئے کہا کہ ان کو ہندو مذہب کے بارے میں بھی جانکاری نہیں ہے۔

بھارت ایکسپریس۔