راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سینئر ترجمان اورلالو پرساد یادو کے قریبی ساتھی مرتنجے تیواری نے جمعرات (16 جولائی 2026) کو پارٹی کے تمام عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔ وہ سال 2014 سے آر جے ڈی کے میڈیا انچارج اورترجمان کی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔ ان کا شمار پارٹی میں برہمن طبقے کے بڑے چہروں میں کیا جاتا تھا۔ استعفیٰ کے بعد جاری اپنے بیان میں مرتنجے تیواری نے کہا کہ انہوں نے ریاستی قیادت سے لے کرقومی قیادت تک کئی بارپارٹی میں نظراندازکئے جانے اورعزت نہ ملنے کی شکایت کی، مگرکسی نے اس کا نوٹس نہیں لیا۔ ان کے مطابق اب ایسے حالات میں پارٹی میں رہنے کا کوئی جوازباقی نہیں رہ گیا۔
مرتنجے تیواری نے الزام لگایا کہ پارٹی کے اندرکچھ لوگ ایسے ہیں جو”دیمک کی طرح تنظیم کواندرہی اندرکھوکھلا کررہے ہیں۔” تاہم انہوں نے کسی بھی لیڈرکا نام نہیں لیا۔ انہوں نے کہا، “آج میں نے آر جے ڈی کے تمام عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ پارٹی دفترمیں ریاستی صدرمنگنی لال منڈل اوردیگرسینئرعہدیداروں کی موجودگی میں صاف کہہ دیا کہ میرے جیسے مخلص اور وفادارکارکن کے لئے اب پارٹی میں کوئی احترام باقی نہیں رہا۔ باربارشکایت کرنے کے باوجود کسی سینئرلیڈرنے اس معاملے پرتوجہ نہیں دی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے اپنی شکایت کئی مرتبہ تیجسوی یادو تک بھی پہنچائی، لیکن وہاں سے بھی کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ ان کے مطابق، “ذلت اوربے عزتی کے ساتھ کوئی شخص سیاست نہیں کرسکتا، اسی لیے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔” اپنے بیان کے آخرمیں مرتنجے تیواری نے کہا کہ انہوں نے آر جے ڈی کے مشکل دنوں میں بھی پارٹی کا ساتھ دیا، اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری سے نبھائیں اورپارٹی کی پالیسیوں کوعوام تک پہنچایا، لیکن کچھ لوگوں نے اپنے مفادات کے لیے تنظیم کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ اگرتیجسوی یادوایسے لوگوں سے گھرے رہیں گے توان جیسے مخلص کارکنوں کے لیے پارٹی میں جگہ باقی نہیں رہتی۔
قابل ذکر ہے کہ مرتنجے تیواری بہارکے ضلع بھاگلپورسے تعلق رکھتے ہیں اورآرجے ڈی میں برہمن طبقے کے نمایاں لیڈران میں شمارکئے جاتے تھے۔ ان کے استعفیٰ کو پارٹی کے لیے ایک بڑا سیاسی جھٹکا تصورکیا جا رہا ہے۔ حالانکہ اب دیکھنے والی بات یہ ہوگی کہ کیا ان کا استعفیٰ قبول کیا جاتا ہے یا پھرمرتنجے تیواری کو منانے کا سلسلہ شروع ہوگا۔
بھارت ایکسپریس اردو-
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


