Bharat Express

مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی کی سعودی عرب کے وزیر برائے دینی امور و دعوت و ارشاد شیخ عبداللطیف آل شیخ سے ملاقات

وزیر اسلامی امور سعودی عرب شیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے کانفرنس کے شرکاء کا خیرمقدم کیا اورکہا کہ یہ کانفرنس مشاورت کے عظیم اسلامی تصور کی آئینہ دار ہے۔ مملکت سعودی عرب انصاف، رحم دلی، میانہ روی، اعتدال پسندی اور اسلام کے شفاف پیغام کی علمبردار ہے۔

مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی نے سعودی عرب کے وزیر برائے دینی امور و دعوت و ارشاد شیخ عبداللطیف آل شیخ سے ملاقات کی۔

مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی ان دنوں سعودی عرب کے سفرپر، ہیں جہاں آپ نے مکہ مکرمہ میں 13  اور 14 اگست 2023 کو منعقدہ عالمی کانفرنس میں شرکت کی جو سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود حفظہ اللہ کی سربراہی اور وزارت برائے دینی امور، دعوت و ارشاد کے زیرانتظام منعقد ہوا اوراس کانفرنس میں 85 ملکوں کے تقریباً 150 علمائے کرام اور مفتیان عظام شریک ہوئے۔ وطن عزیز ہندوستان سے امیرمرکزی جمعیت اہلحدیث کے علاوہ جن علمائے کرام نے شرکت کی ان میں جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی، ڈاکٹر عبداللطیف کندی، مولانا عبدالسلام سلفی، مولانا اسعد اعظمی، مولانا محمد رحمانی سنابلی مدنی اورمولانا عبدالمجید اصلاحی وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ یہ کانفرنس تاریخی کامیابیوں سے ہمکنار ہوئی اس میں اتحاد واتفاق کو فروغ دینے اور انتہا پسندی سے نمٹنے کا عزم کیا۔

وزیر اسلامی امور سعودی عرب شیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے کانفرنس کے شرکاء کا خیرمقدم کیا اورکہا کہ یہ کانفرنس مشاورت کے عظیم اسلامی تصور کی آئینہ دار ہے۔ مملکت سعودی عرب انصاف، رحم دلی، میانہ روی، اعتدال پسندی اور اسلام کے شفاف پیغام کی علمبردار ہے۔ یہ کانفرنس اعتدال و وسطیت کو فروغ دینے کے لئے مملکت سعودی عرب کی ان مبارک کوششوں کا تسلسل ہے جس کے لئے وہ یوم اول سے کوشاں ہے۔ اوراس کا مقصد مسلمانوں کے درمیان اتحاد کا فروغ، دہشت گردی کا خاتمہ اورانتہاء پسندی سے نمٹنے کے لئے مملکت کے مشن کو آگے بڑھانا ہے۔

مولانا اصغر علی امام مہدی سمیت کانفرنس کے دیگر شرکاء نے مملکت سعودی عرب کی اعتدال و وسطیت کو فروغ دینے کی مساعی کو سراہتے ہوئے اس کانفرنس کے مقام مکہ مکرمہ و موضوع کے انتخاب، حسن انتظام اور کامیاب انعقاد پرمملکت سعودی عرب کے فرماں رواشاہ سلمان بن عبدالعزیزآل سعود، ولی عہد محمد بن سلمان آل سعود، وزیر اسلامی امورشیخ ڈاکٹرعبداللطیف بن عبدالعزیزآل شیخ، وکیل الوزارہ اورمختلف کمیٹیوں کے ذمہ داروں کا شکریہ ادا کیا اور کانفرنس کے اخیر میں بیانیہ اوراختتامیہ بھی سامنے آیا، جس میں اعتدال ووسطیت، امن وشانتی، انسانی بھائی چارہ، اہل مذاہب کے مابین رواداری، بقائے باہمی کی اقدار کو فروغ دینے اورقرآن وسنت پرعمل پیرا ہونے پرزوردیا گیا، انتہا پسندانہ نظریات اورمعاشروں کو الحاد و تطرف سے بچانے کی تلقین کی گئی اوردنیا بھرمیں مذہبی اموراورفتویٰ کے شعبوں کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانے کا بطور خاص ذکر کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:  مولانا محمد رحمانی مدنی کی مکہ مکرمہ میں ائمہ حرمین اور وزیر برائے دینی امور سے خاص ملاقات، دینی وعلمی امور پر تبادلہ خیال

مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس سفر میں امیر مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی نے سعودی عرب کے وزیربرائے دینی امورو دعوت وارشاد  فضیلۃ الشیخ عبداللطیف بن عبدالعزیزآل شیخ سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ مختلف اہم امورپرتبادلہ خیال کیا۔ اس اہم ملاقات میں سعودی عرب کے ساتھ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے دیرینہ تعلقات کا بھی ذکرآیا۔ معالی الشیخ عبداللطیف عبدالعزیزآل شیخ حفظہ اللہ نے مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کی ہمہ جہت سرگرمیوں کے بارے میں جان کرخوشی واطمینان کا اظہارکیا اورہندوستانی مسلمانوں سے اپنے لگاؤاورالفت کا تذکرہ کیا۔ اس موقع پروزیربرائے دینی امور، دعوت وارشاد فضیلۃ الشیخ عبداللطیف بن عبدالعزیزآل شیخ نے امیرمرکزی جمعیت اہل حدیث ہند مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی کو قرآن کریم کا آب زرسے لکھا ہوا ایک بیش قیمتی نسخہ تحفتاً پیش کیا، ان کی خوب عزت افزائی کی اورآپ کی دینی و ملی خدمات کو سراہا۔ پریس ریلیز کے مطابق اس سفرمیں مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی نے متعدد عالمی شخصیات سے ملاقاتیں کیں، جن میں شیخ عبداللہ بن سلیمان المنیع رکن سپریم علماءکونسل ، امام کعبہ شیخ عبدالرحمان السدیس، شیخ سلیمان الرحیلی، شیخ صالح السحیمی وغیرہم قابل ذکر ہیں۔

Also Read