Bharat Express

Maharashtra Assembly Election 2024: ’’مجھے معلوم تھا میں الیکشن لڑوں گا تو شیو سینا-بی جے پی…‘‘، ٹکٹ ملنے پر این سی پی لیڈرنواب ملک کا بڑا بیان

بی جے پی کی مخالفت کے باوجود اجیت پوارکی این سی پی کے ٹکٹ پرمان کھرد شیواجی نگراسمبلی حلقہ سے نواب ملک کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں پوری طاقت سے الیکشن لڑوں گا۔

سابق وزیر نواب ملک

Maharashtra Assembly Election 2024: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) اجیت پوارگروپ کے لیڈرنواب ملک کے الیکشن لڑنے سے متعلق گھمسان مچا ہوا ہے۔ بی جے پی ان کی امیدواری کی کھل کرمخالفت کررہی ہے۔ اس درمیان سابق وزیرنواب ملک نے کہا کہ یہ واضح تھا کہ جب میں الیکشن لڑوں گا توشیوسینا اوربی جے پی دونوں مخالفت کریں گی، لیکن جس طرح پارٹی نے آخری وقت میں مجھ پربھروسہ کیا۔ اے بی فارم بھیجا اورمجھے پارٹی کا امیدواربنایا۔ میں اس کے لئے پوری طاقت سے الیکشن لڑوں گا۔

اس سے پہلے بھی نواب ملک کا ردعمل آیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جس طریقے سے تمام مخالفت کے باوجود مجھے امیدواربنایا گیا ہے، اسے دیکھ کرلگتا ہے کہ سوچ سمجھ کرفیصلہ لیا گیا ہے۔ مجھے امید تھی کہ میری مخالفت ہوگی۔ شندے صاحب کی پارٹی مخالفت کرے گی۔ میں دادا (اجیت پوار) کا شکرگزارہوں کہ یہاں مقابلہ نواب ملک بنام سبھی ہونے والا ہے۔

نواب ملک کوٹکٹ دینے پرکیا بولے تھے دیویندرفڑنویس؟

نواب ملک کوٹکٹ دینے پرنائب وزیراعلیٰ دیویندرفڑنویس نے کہا تھا کہ ہم نے شروعات میں ہی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کو واضح الفاظ میں کہا تھا کہ آپ نواب ملک کو ٹکٹ نہ دیں۔ اتحاد (الائنس) میں بی جے پی نواب ملک کے لئے تشہیرنہیں کرے گی۔ تاہم ان کی بیٹی کی امیدواری پرانہیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔ واضح رہے کہ بی جے پی اکثرنواب ملک پرداؤد ابراہیم سے رابطہ ہونے کا الزام لگاتی رہی ہے۔ اس معاملے میں نواب ملک کی پہلے گرفتاری بھی ہوچکی ہے۔

واضح رہے کہ نواب ملک 29 اکتوبرکومان کھردشیواجی نگراسمبلی حلقہ سے پرچہ نامزدگی داخل کرچکے ہیں۔ وہیں ان کی چھوٹی بیٹی ثنا ملک انوشکتی نگرسے اپنا پہلا اسمبلی الیکشن لڑرہی ہیں۔ نواب ملک کے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد ممبئی بی جے پی یونٹ کے سربراہ آشیش شیلارنے 29 اکتوبرکوایک ویڈیوپیغام جاری کرکے اپنی پارٹی کا رخ واضح کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی نواب ملک کے لئے انتخابی تشہیرنہیں کرے گی۔

-بھارت ایکسپریس