Bharat Express

لکشدیپ کے رکن پارلیمنٹ محمد فیضل کی لوک سبھا رکنیت بحال، عدالت کے فیصلے کے بعد منسوخ ہوئی تھی رکنیت

لکشدیپ کے رکن پارلیمنٹ محمد فیضل کو قتل کی کوشش میں مقامی عدالت نے 11 جنوری کو 10 سال کی سزا سنائی تھی۔ اس کے بعد عوامی نمائندگی قانون کے تحت لوک سبھا سکریٹریٹ کی طرف سے ان کی رکنیت منسوخ کردی گئی تھی۔

این سی پی رکن پارلیمنٹ محمد فیضل کی لوک سبھا رکنیت بحال ہوگئی ہے۔

لکشدیپ سے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) لیڈر محمد فیضل کو بڑی راحت ملی ہے۔ لوک سبھا سکریٹریٹ نے محمد فیضل کی لوک سبھا کی رکنیت بحال کردی ہے۔ لکشدیپ کے رکن پارلیمنٹ محمد فیضل کو قتل کی کوشش معاملے میں قصوروار قرار دیتے ہوئے مقامی کورٹ نے 11 جنوری کو 10 سال کی سزا سنائی تھی۔ اس کے بعد عوامی نمائندگی قانون کے تحت لوک سبھا سکریٹریٹ کی طرف سے ان کی رکنیت منسوخ کردی گئی تھی۔ اس کے بعد الیکشن کمیشن نے اس سیٹ پر ضمنی الیکشن کا بھی اعلان کردیا۔

دراصل، عوامی نمائندگی ایکٹ میں التزام ہے کہ اگر کسی رکن پارلیمنٹ یا رکن اسمبلی کو کسی معاملے میں 2 سال یا اس سے زیادہ کی سزا ہوتی ہے، تو ان کی رکنیت (لوک سبھا اور اسمبلی) منسوخ ہوجاتی ہے۔ اسی قانون کے تحت سورت کورٹ سے ہتک عزت معاملے میں قصوروار پائے جانے کے بعد راہل گاندھی کی بھی رکنیت منسوخ کردی گئی تھی۔

لوک سبھا سکریٹریٹ نے محمد فیضل کی رکنیت بحال کرنے کے لئے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔

 محمد فیضل کو کیرلا ہائی کورٹ سے ملی راحت

محمد فیضل نے نچلی عدالت کے فیصلے کو کیرلا ہائی کورٹ میں چیلنج دیا تھا۔ ہائی کورٹ نے ان کی سزا کو منسوخ کردیا تھا۔ ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد ضمنی الیکشن بھی منسوخ کردیا گیا۔ ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد محمد فیضل نے لوک سبھا سکریٹریٹ سے ان کی لوک سبھا رکنیت بحال کرنے کی سفارش کی تھی۔ اب لوک سبھا سکریٹریٹ نے ان کی رکنیت کو بحال کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لوک سبھا اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی تجویز لاسکتی ہیں ہیں اپوزیشن پارٹیاں، جانبداری کا لگایا الزام

راہل گاندھی کے لئے بھی پیدا ہوئی امید

ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد محمد فیضل کی لوک سبھا رکنیت بحال ہونے سے راہل گاندھی کے لئے بھی امید جگی ہے۔ دراصل، اگر راہل سورت کورٹ سے ملی سزا کو اعلیٰ عدالت میں چیلنج دیتے ہیں اور عدالت سے ان کی سزا منسوخ ہوجاتی ہے تو راہل گاندھی کی بھی رکنیت بحال ہوسکتی ہے۔

-بھارت ایکسپریس