گاندھی خاندان کے لیے، اتر پردیش کی دو لوک سبھا سیٹیں، رائے بریلی اور امیٹھی، صرف سیٹیں نہیں ہیں بلکہ ساکھ کا سوال ہے۔ کانگریس نے اب تک ان دونوں سیٹوں کیلئے امیدواروں کے ناموں کا اعلان نہیں کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ راہل گاندھی امیٹھی لوک سبھا سے اور پرینکا گاندھی رائے بریلی لوک سبھا سے الیکشن لڑ سکتی ہیں۔ مانا جا رہا ہے کہ پارٹی اس بار امیٹھی کے 1981کے ضمنی انتخاب کے پلان کو اپنا سکتی ہے۔بی جے پی نے امیدوار کے نام کا اعلان بہت پہلے کر دیا ہے، پارٹی نے امیٹھی سے اسمرتی ایرانی کو ٹکٹ دیا ہے۔ وہیں کانگریس لیڈر مسلسل یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ امیٹھی سے صرف راہل گاندھی ہی الیکشن لڑیں گے۔ اس سلسلے میں پارٹی نے اندرونی سروے بھی کرایا ہے۔ اس سروے میں اشارے راہل گاندھی کے حق میں ہیں۔ کارکنوں اور مقامی لیڈروں کا کہنا ہے کہ راہل گاندھی کو امیٹھی سے الیکشن لڑنا چاہیے۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ امیٹھی میں نامزدگی شروع ہونے کے بعد کانگریس اس سیٹ کے نام کا اعلان کر سکتی ہے۔
سال 1981 میں بھی کانگریس نے ایسا ہی کیا تھا
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب پارٹی نے امیدوار کے نام کا اعلان نہیں کیا ہے۔ پارٹی نے 1981 میں راجیو گاندھی کی نامزدگی کے دوران بھی ایساہی کیا تھا۔کانگریس نے جس دن راجیو گاندھی کی امیدواری کا اعلان کیا ، انہوں نے اسی دن اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا ۔ ایسے میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ اگر کانگریس راہل گاندھی کو امیٹھی سے امیدوار بناتی ہے اور ان کے نام کا اعلان کرتی ہے تو اسی دن راہل گاندھی امیٹھی سے پرچہ نامزدگی داخل کر سکتے ہیں۔
تین مئی کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ ہے
امیٹھی لوک سبھا کے لیے نامزدگی کا عمل 26 اپریل کو ہی شروع ہو گیا ہے۔ کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 3 مئی اور کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 6 مئی ہے۔ امیٹھی لوک سبھا 2024 میں پانچویں مرحلے کے تحت 20 مئی کو ووٹنگ ہونی ہے۔ بی جے پی کو چھوڑ کر دیگر پارٹیوں نے اس سیٹ کے لیے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان نہیں کیا ہے۔
بھارت ایکسپریس۔