Bharat Express

Karnataka Exit Poll 2023: کرناٹک اسمبلی انتخابات کے ایگزٹ پول میں معلق اسمبلی کے آثار، کانگریس بن سکتی ہے سب سے بڑی پارٹی

Karnataka Exit Poll 2023: کرناٹک کی 224 رکنی اسمبلی کے لئے بدھ (10 مئی) کو ووٹنگ ہوئی۔ 13 مئی کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ ووٹنگ کے بعد ایگزٹ پول آنے شروع ہوگئے ہیں۔ 

ایچ ڈی کمار سوامی، بسو راج بومئی، سدارمیا۔

کرناٹک میں 6 بجے ووٹنگ ختم ہوگئی ہے۔ تقریباً 66 فیصد ووٹنگ ہوئی ہے۔  ووٹنگ ختم ہوتے ہی ایگزٹ پول آنے شروع ہوگئے ہیں۔ کرناٹک اسمبلی انتخابات 2023 میں زیادہ تر ایگزٹ پول میں معلق اسمبلی کے آثار نظرآرہے ہیں۔ حالانکہ کئی ایگزٹ پول نے کانگریس کو اکثریت کے قریب پہنچنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اے بی پی سی-ووٹر کی طرف سے 224 اسمبلی نشستوں والی اسمبلی کے 206 سیٹوں کے ایگزٹ پول جاری کئے گئے ہیں۔ ایگزٹ پول میں کانگریس کو 112-100 سیٹیں ملنے کا امکان ظاہرکیا گیا ہے جبکہ بی جے پی 95-83 سیٹیں ملنے کا امکان ظاہرکیا گیا ہے۔ جبکہ جے ڈی ایس کو29-21 سیٹیں مل سکتی ہیں جبکہ دیگرکے حصے میں 6-2 سیٹیں جا سکتی ہیں۔

ٹی وی9 کنڑ سی- ووٹرنے اپنے ایگزٹ پول میں بی جے پی کو83 سے 95 سیٹیں ملنے کا امکان ظاہرکیا ہے۔ وہیں کانگریس کو100 سے 112 سیٹیں مل سکتی ہیں۔ اس ایگزٹ پول میں جے ڈی ایس کو 29-21 سیٹیں ملنے کا امکان ہے۔ وہیں دیگرکے حصے میں 2 سے 6 سیٹیں مل سکتی ہیں۔

 جن کی بات نے 224 نشستوں والی اسمبلی کے لئے 199 سیٹوں کی ایگزٹ پول جاری کئے ہیں۔ کانگریس کو106-91 سیٹیں مل سکتی ہیں جبکہ بی جے پی کو 117-94 سیٹیں ملنے کا امکان ظاہرکیا گیا ہے۔ جبکہ جے ڈی ایس کو 24-14 سیٹیں ملنے کا اندازہ ہے۔

حالانکہ نیوزنیشن- سی جی ایس کے ایگزٹ پول نے بی جے پی حکومت کی واپسی کے آثار ظاہرکئے ہیں۔ نیوزنیشن- سی جی ایس نے 224 سیٹوں کے ایگزٹ پول جاری کردیئے ہیں۔ اس نے بی جے پی کو 114 جبکہ کانگریس کو 86 سیٹیں ملنے کا اندازہ لگایا ہے۔ وہیں جے ڈی ایس کے حصے میں 21 سیٹیں جانے کا اندازہ ہے۔ جبکہ دیگرکوتین سیٹیں مل سکتی ہیں۔

واضح رہے کہ کرناٹک اسمبلی انتخابات کے لئے بدھ (10 مئی) کو ووٹنگ ہوئی۔ سبھی 224 اسمبلی سیٹوں پرووٹ ڈالے گئے۔ لوگوں نے بڑھ چڑھ کرووٹنگ میں حصہ لیا اورآئندہ حکومت کی قسمت ای وی ایم میں قید ہوگئی۔ 13 مئی کو ووٹوں کی گنتی کے ساتھ ہی کرناٹک کی تصویر صاف ہوجائے گی۔ واضح رہے کہ الیکشن سے پہلے آئے بیشتر سروے اوراوپینین پول کے اعدادوشمار میں کرناٹک میں کانگریس کی صورتحال مضبوط نظرآئی تھی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق، کرناٹک میں 5.3  کروڑسے زیادہ رائے دہندگان ہیں۔ ان میں سے مرد رائے دہندگان کی تعداد 2.66 کروڑ اور خواتین رائے دہندگان کی تعداد 2.63 کروڑ ہے۔ اس کے علاوہ 5.71 لاکھ معذور ووٹرز، 80 سال یا اس سے زیادہ عمرکے 12.15 لاکھ اور 100 سال کی عمر کے 16 ہزارسے زیادہ رائے دہندگان رجسٹرڈ ہیں۔

-بھارت ایکسپریس