Bharat Express

Lok Sabha Election 2024: کے سی آر پر الیکشن کمیشن کی بڑی کارروائی، بی آرایس چیف پر انتخابی تشہیر کے لئے 48 گھنٹے کی پابندی

الیکشن کمیشن نے بی آرایس چیف اور تلنگانہ کے سابق وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کو 48 گھنٹے کے لئے انتخابی تشہیر کرنے سے روک دیا ہے۔

بی آر ایس سربراہ کے سی آر کے خلاف الیکشن کمیشن نے انتخابی تشہیر پر 48 گھنٹے کی پابندی لگا دی ہے۔

الیکشن کمیشن نے بی آرایس چیف اور تلنگانہ کے سابق وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کو 48 گھنٹے کے لئے انتخابی تشہیر کرنے پرپابندی لگا دی ہے۔ الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے کے بعد یہ فیصلہ لیا۔ ان پر انتخابی تشہیر کرنے سے متعلق یہ پابندی بدھ (یکم مئی) سے شروع ہوجائے گی۔ پول پینل نے کانگریس لیڈر جی نرنجن کی طرف سے داخل کی گئی شکایت کی بنیاد پرسخت کارروائی کی، جس میں بی آرایس لیڈر پرپارٹی کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے 5 اپریل، 2024 کو سرسلا میں دیئے گئے متنازعہ بیان سے متعلق کے سی آرکو پھٹکار لگائی۔ کمیشن نے آئین کے آرٹیکل 324 کا حوالہ دیتے ہوئے کے چندر شیکھر راؤ کو یکم مئی 2024 کی رات 8 بجے سے 48 گھنٹے کے لئے کسی بھی عوامی میٹنگ، عوامی جلوس، عوامی ریلیاں، شو اور انٹرویو، میڈیا (الیکٹرانک، پرنٹ، سوشل میڈیا) میں عوامی تقریر کرنے سے روک دیا۔

الیکشن کمیشن نے اپنے بیان میں کہا کہ تلنگانہ کے چیف الیکشن کمشنر نے 9 اپریل 2029 کو شکایت پر رپورٹ بھیجی تھی۔ پول پینل نے تلنگانہ کے سابق وزیراعلیٰ کے سی آر کو کانگریس کارکنان پر کئے گئے قابل اعتراض تبصرہ کا قصوروار پایا۔ الیکشن کمیشن نے پہلے مبینہ تبصروں پر کے سی آر کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا تھا۔ حالانکہ 23 اپریل کو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ نے اپنے اوپر لگے الزامات سے انکار کیا تھا۔؎

بی آرایس صدر کے سی آرنے دعویٰ کیا کہ کانگریس نے ان کی پریس کانفرنس میں کہی گئی باتوں کو توڑ مروڑ کر پیش کیا۔ الیکشن کمیشن نے اپنے بیان میں کہا کہ سابق وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے گزشتہ الیکشن میں بھی انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تھی۔ کے سی آر نے مبینہ طور پر تشدد کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر کانگریس لیڈران نے کسانوں کو فی کوئنٹل دھان پر 500 روپئے کا بونس نہیں دیا تو ان کا گلا کاٹ لیا جائے گا۔ اس سے پہلے مئی 2019 میں کریم نگر کے ایک حادثہ اور نومبر 2023 میں اسمبلی الیکشن مہم کے دوران بانس واڑہ میں کی گئی ایک تقریر سے متعلق کے سی آر کو نوٹس جاری ہوا تھا۔

 بھارت ایکسپریس۔