Bharat Express DD Free Dish

Japanese PM arrives India: وزیراعظم مودی کی دعوت پر جاپانی وزیراعظم سنائے تاکائیچی پہنچیں بھارت، 16ویں بھارت-جاپان سالانہ سربراہ اجلاس میں ہوں گی شریک

سفارتی ذرائع کے مطابق، اجلاس میں سرمایہ کاری، اختراع، سیمی کنڈکٹرز، اہم معدنیات، اقتصادی سلامتی، دفاعی ٹیکنالوجی، بحری سلامتی، مصنوعی ذہانت، دواسازی، بیٹری ٹیکنالوجی، توانائی کے شعبے، اوڈیشہ میں گرین امونیا منصوبے، بایو گیس اور POWERR Asia کے تحت علاقائی تعاون جیسے موضوعات پر پیش رفت متوقع ہے۔

نئی دہلی: جاپان کی وزیراعظم سانائے تاکائیچی بدھ کی شام تین روزہ سرکاری دورے پر بھارت پہنچ گئیں۔ اپنے دورے کے دوران وہ 16ویں بھارت-جاپان سالانہ سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گی، جہاں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی سلامتی، مضبوط سپلائی چین، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی، دفاع، بحری سلامتی اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلۂ خیال ہوگا۔ بھارت پہنچنے پر جاپانی وزیر اعظم کا استقبال مرکزی وزیر مملکت (سائنس و ٹیکنالوجی) ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کیا۔ وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر سانائے تاکائیچی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ دورہ بھارت اور جاپان کے درمیان خصوصی تزویراتی اور عالمی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔

وزیر اعظم مودی کی دعوت پر پہلا سرکاری دورہ

یکم سے 3 جولائی تک جاری رہنے والا یہ دورہ وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر ہو رہا ہے اور وزارت سنبھالنے کے بعد سانائے تاکائیچی کا بھارت کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔ اس دوران وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ سربراہ سطح کی بات چیت کریں گی، بھارت-جاپان بزنس فورم میں شرکت کریں گی اور دونوں ممالک کے صنعت کاروں اور کاروباری رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گی۔

اقتصادی سلامتی اور سرمایہ کاری پر خصوصی توجہ

ٹوکیو سے روانگی سے قبل سنائے تاکائیچی نے کہا تھا کہ بدلتی ہوئی عالمی صورتحال میں بھارت کے ساتھ تعاون پہلے سے زیادہ اہم ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی بات چیت تین اہم نکات پر مرکوز ہوگی، جن میں بھارت اور جاپان کے درمیان تزویراتی تعاون کو مزید مضبوط بنانا، اقتصادی سلامتی کے شعبے میں اشتراک اور سرمایہ کاری و اختراع کے میدان میں دونوں ممالک کی کمپنیوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینا شامل ہے۔ جاپانی وزیر اعظم نے بتایا کہ بھارت-جاپان اقتصادی فورم میں جاپان کی کاروباری برادری کے 150 سے زائد نمائندے شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور نجی شعبے کی مشترکہ کوششوں سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

ہند-بحرالکاہل خطے کی سلامتی بھی ایجنڈے میں شامل

سنائے تاکائیچی نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کے ساتھ ہند-بحرالکاہل خطے میں امن و استحکام اور آزاد و کھلے ہند-بحرالکاہل (FOIP) کے تصور پر بھی تفصیلی گفتگو ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جاپان، بھارت، امریکہ اور آسٹریلیا پر مشتمل تعاون کے فریم ورک کے تحت علاقائی سلامتی کو مزید مضبوط بنانے پر بھی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر ہونے والا یہ دورہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ذاتی اعتماد اور باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا بھی ایک بہترین موقع ہے۔ وزارت خارجہ کے مطابق، سالانہ سربراہ اجلاس کے دوران دونوں رہنما دوطرفہ تعاون کے تمام شعبوں کا جائزہ لیں گے اور علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلۂ خیال کریں گے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق، اجلاس میں سرمایہ کاری، اختراع، سیمی کنڈکٹرز، اہم معدنیات، اقتصادی سلامتی، دفاعی ٹیکنالوجی، بحری سلامتی، مصنوعی ذہانت، دواسازی، بیٹری ٹیکنالوجی، توانائی کے شعبے، اوڈیشہ میں گرین امونیا منصوبے، بایو گیس اور POWERR Asia کے تحت علاقائی تعاون جیسے موضوعات پر پیش رفت متوقع ہے۔

مشترکہ اعلامیہ اور کئی مفاہمتی یادداشتوں کا امکان

اجلاس کے اختتام پر دونوں ممالک کے درمیان خصوصی تزویراتی شراکت داری کی توثیق پر مشتمل مشترکہ اعلامیہ جاری کیے جانے کے علاوہ مصنوعی ذہانت، دواسازی، بیٹریوں، اہم معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں متعدد مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) اور معاہدوں پر دستخط کیے جانے کی بھی توقع ہے۔ بھارت اور جاپان نے 2014 میں اپنے تعلقات کو خصوصی تزویراتی اور عالمی شراکت داری کی سطح تک بلند کیا تھا۔ گزشتہ برس اگست میں ٹوکیو میں منعقد ہونے والے 15ویں سالانہ سربراہ اجلاس میں دونوں ممالک نے آئندہ دہائی کے لیے مشترکہ وژن، اقتصادی سلامتی، دفاعی تعاون، سپلائی چین، اہم ٹیکنالوجیز اور انسانی وسائل کے تبادلے سمیت کئی اہم اقدامات پر اتفاق کیا تھا۔ حکام کے مطابق، 16واں بھارت-جاپان سالانہ سربراہ اجلاس نئی دہلی اور ٹوکیو کے درمیان بڑھتی ہوئی تزویراتی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے اور آزاد، کھلے اور قواعد پر مبنی ہند-بحرالکاہل خطے کے مشترکہ وژن کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read