Bharat Express DD Free Dish

Japan PM India Visit: جاپان کی وزیراعظم سنائے تاکائیچی کا تین روزہ دورۂ ہند مکمل، 16ویں ہند-جاپان سالانہ سربراہ اجلاس کے بعد نئی دہلی سے روانگی، وزیراعظم مودی پراظہارتشکر

سنائے تاکائیچی نے کہا کہ وہ بھارت کی ثقافت اور وزیراعظم مودی کی گرمجوش مہمان نوازی کے لیے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مودی کے ساتھ قائم ہونے والے باہمی اعتماد کی بنیاد پر دونوں ممالک آئندہ سال سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر ہند-جاپان تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے مل کر کام کریں گے۔

نئی دہلی: جاپان کی وزیراعظم سنائے تاکائیچی جمعہ کو تین روزہ سرکاری دورۂ ہند مکمل کرنے کے بعد نئی دہلی سے اپنے وطن روانہ ہو گئیں۔ اس دورے کے دوران دونوں ممالک نے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے اور مشترکہ اسٹریٹجک اہداف کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ مرکزی وزیر مملکت برائے سائنس و ٹیکنالوجی جتیندر سنگھ نے نئی دہلی ہوائی اڈے پر جاپانی وزیراعظم کو الوداع کیا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ یہ ایک یادگار دورہ تھا، جس نے ہند-جاپان شراکت داری کو مشترکہ اہداف کی جانب مزید مضبوطی سے آگے بڑھانے کی بنیاد فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ 16ویں ہند-جاپان سالانہ سربراہ اجلاس کے بعد وزیراعظم سنائے تاکائیچی کی روانگی کے ساتھ دونوں ممالک نے ہند-بحرالکاہل خطے اور اس سے آگے امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

پہلا دورۂ ہند، 16ویں سالانہ سربراہ اجلاس میں شرکت

وزیراعظم سنائے تاکائیچی یکم سے 3 جولائی تک بھارت کے تین روزہ سرکاری دورے پر تھیں۔ وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کا بھارت کا پہلا سرکاری دورہ تھا۔ اس دوران انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ 16ویں ہند-جاپان سالانہ سربراہ اجلاس میں شرکت کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تزویراتی، توانائی، دفاع، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم مودی کی ضیافت پر اظہارِ تشکر

جمعرات کی شام وزیراعظم نریندر مودی نے جاپانی وزیراعظم کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا۔ سنائے تاکائیچی نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم مودی کی پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ رسمی مذاکرات کے علاوہ خوشگوار ماحول میں دونوں رہنماؤں نے نہ صرف ہند-جاپان تعلقات اور عالمی صورتحال بلکہ دونوں ممالک کی ثقافت، کھانوں اور ایک دوسرے کے ممالک سے اپنی ذاتی وابستگی پر بھی کھل کر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ملاقات سے دونوں رہنماؤں کے درمیان ذاتی اعتماد مزید مستحکم ہوا ہے۔

تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا عزم

سنائے تاکائیچی نے کہا کہ وہ بھارت کی بھرپور اور متنوع غذائی ثقافت اور وزیراعظم مودی کی گرمجوش مہمان نوازی کے لیے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مودی کے ساتھ قائم ہونے والے باہمی اعتماد کی بنیاد پر دونوں ممالک آئندہ سال سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر ہند-جاپان تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے مل کر کام کریں گے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read