پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی۔ (فائل فوٹو)
جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے مرکز کی نریندر مودی حکومت کا نام لیے بغیر بڑا بیان دیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش میں جو کچھ ہوا اور جو کچھ ہو رہا ہے، ہمارے ملک کو اس سے سبق لیناچاہیے۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ جب آپ کے پاس نوجوانوں کی بڑی تعداد ہوتی ہے اور آپ مہنگائی، بے روزگاری جیسے مسائل کے درمیان انہیں نظر انداز کرتے ہیں تو ایسے حالات پیدا ہوتے ہیں۔ ہمیں یہ سبق سیکھنا چاہیے کہ آمریت زیادہ دیر نہیں چلتی۔پی ڈی پی چیف یہیں پر نہیں رکی، انہوں نے مزید کہا کہ جب آپ لوگوں کے خلاف اصول و ضوابط اور قانون بناتے ہیں تو ان کے صبر کا باندھ ٹوٹ جاتا ہے اور پھر آپ کو شیخ حسینہ کی طرح بھاگنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ خاص طور پر جموں اور کشمیر کے معاملے میں، ہمیں بنگلہ دیش سے سبق لینا چاہیے، جہاں نوجوانوں کو بہت زیادہ مسائل ہیں، اور نوجوان خود کو بے بس محسوس کرتے ہیں، جیسا کہ بنگلہ دیش میں ہوا۔ دباؤ، استحصال اور یو اے پی اے، یہ سب اس میں اضافہ کرتے ہیں۔ میرے خیال میں اسے تبدیل کرنے کی ضرورت ہے… مجھے امید ہے کہ بنگلہ دیش جیسی صورتحال یہاں نہیں دہرائی جائے گی۔
وہیں دوسری طرف جے ایم ایم کے رکن اسمبلی مہوا ماجی نے بنگلہ دیش کی صورتحال پر کہا کہ وہاں تشدد ہوا ہے، جو درست نہیں ہے۔ بہت سے لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، آمریت غلط ہے۔ ہمیں امید ہے کہ وہاں جلد ہی امن ہو گا کیونکہ ہماری سرحد بنگلہ دیش کے ساتھ ملتی ہے اور اگر وہاں عدم استحکام ہوتا ہے تو اس کا اثر بھارت پر بھی پڑ سکتا ہے۔ ہماری حکومت کو اپوزیشن کی بات سننی چاہیے اور تحمل سے کام لینا چاہیے۔ اس وقت کوئی منفی بیان نہیں دینا چاہیے۔
بھارت ایکسپریس۔